قائم مقام صدر مملکت محمد صادق سنجرانی کا افطار ڈنر

قائم مقام صدر نے منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا

اتوار 10 جون 2018 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے ایوان صدر اسلام آباد میں آج اتوار کو افطار ڈنردیا۔ جس میں وفاقی کابینہ کے ارکان ‘نگران وزرا اعلی اور صوبائی گورنروں نے شرکت کی۔اس موقع پر ملک میں عام انتخابات کے انعقاد’ درپیش چیلنجوں اور انتظامات پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔قائم مقام صدرنے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل کے لئے انتخابی عمل کا آغاز خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کو آئینی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرتے ہوے الیکشن کمشن کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنی چاہیں- انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی بلکہ جمہوری ادارے قومی ترقی کے عمل میں زیادہ موثر کردار ادا کریں گی-انہوں نے تمام اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں نگران حکومتوں اور الیکشن کمیشن کی بھر پور معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

قائم مقام صدر نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر بھی زور دیا کہ وہ انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ قوائد وضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنائیں-صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا اس حوالے سے اپنا آئینی کردار بھر پور طور پر ادا کرے گا۔ارکان وفاقی کابینہ اور نگران وزرا اعلی نے قائم مقام صدر کو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔