عام انتخابات کراچی کے عوام کیلئے بہترین موقع ہے ،ْشہری اہل اور امانت دارقیادت کا انتخاب کریں،حافظ نعیم الرحمن

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے شہریوں کو بنیادی ضروریات سے محروم کردیا ، شیرشاہ میں عوامی دعوت افطار سے خطاب

اتوار 10 جون 2018 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی اور این اے 250کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عام انتخابات کراچی کے عوام کے لیے بہترین موقع ہے کہ عوام شہر کے روشن مستقبل کے لیے ایسی قیادت منتخب کریں جو شہر کو ماضی کی طرح تباہ و برباد کرنے اور بند گلی میں دھکیلنے کے بجائے ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر لائے اور عوام کے مسائل حل کرے، جماعت اسلامی کراچی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ کے خلاف جس طرح عوام کی ترجمان بنی ہے عوام کے دیگر مسائل بھی جماعت اسلامی ہی حل کرائے گی ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کراچی کے شہریوں کو بنیادی ضروریات سے بھی محروم کردیا ، شہری پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی جانب سے شہریوں کا جینا مشکل کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیرشاہ محمدی روڈ شافعی مسجد میں بڑے عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دعوت افطار سے جماعت اسلامی کے رہنما شوکت مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے اپنے دور حکومت میں کراچی کو اون کیا اور مسائل حل کیے لیکن موجودہ بلدیاتی حکومت نے شہر کراچی کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ، میئر کراچی صرف اور صرف اختیارات کا رونا روتے رہتے ہیں ، شہر کراچی اس وقت گندگی کا ڈھیر بنا ہوا ہے ، ندی و نالوں اورگٹر کا گندا پانی سڑکوں پر بہنے کی وجہ سے سڑکیں خستہ حال ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی جارہی ہے جس کے باعث شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکا ر ہیں ، کئی علاقوں میں کئی کئی ماہ تک پانی نہیں آتا ۔ شہریوں کو پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتوںسے محروم کیا جارہا ہے جبکہ ہر شہری کا آئینی و قانونی حق ہے اسے بنیادی ضروریات فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈکے ظالمانہ اقدامات کے خلاف عوام کے حقوق کے حصول کے لیے زبردست احتجاجی تحریک چلائی ہے جس پر عوام کے اندر امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور عوام کی جانب سے جماعت اسلامی کو پذیرائی ملی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اس سے کم اختیارات کے باوجود شہر کراچی کی بے مثال خدمت کی اور کراچی کے شہریوں کے لیے پانی کا مسئلہ حل کیا اور مزید پانی کے حصو ل کے لیے K4منصوبہ شروع کیا جسے 2010میں مکمل ہونا تھا لیکن کرپٹ او ر نااہل قیادت کی وجہ سے آج تک مکمل نہ ہوسکا اور ابھی تک التواء کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ بلدیاتی حکومت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں ،فاروق ستار خود میئر کراچی پر الزامات لگارہے ہیں کہ کراچی کا بجٹ کراچی پر خرچ نہیں کیا جارہا ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ پر اربوں روپے خرچ کیے لیکن عملی طور پر لاڑکانہ کی صورتحال بدترین ہے ، سڑکیں تباہ حال ہے ،ملک کی دولت لوٹنے اور شہریوں کو بے وقوف بنانے کے سوا کچھ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں وبرکتوں او ر جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ، ماہ رمضان ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کریں ، جنگ بدر کا واقعہ رمضان المبارک میں ہی رونماہوا ہے ،ہم سب کو حقوق کے حصول کے لیے مل کر کرپٹ اور راشی لوگوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا،جماعت اسلامی قومی انتخابات میںمتحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے حصہ لے رہی ہے ، عوام اہل اور امانت دار قیادت کا انتخاب کریں ا ور مجلس عمل کو جتائیںتاکہ شہرکے مسائل حل ہوسکیں۔