تمام سازشوں اور دھمکیوں کے باوجود صرف فصلی بیٹرے (ن) لیگ سے الگ ہوئے ‘نوازشر یف

جنوبی محاز نے بھی چند دنوں میں دم توڑ دیا اب وہ کسی اور پارٹی میں جاچکے ہیں ‘پنجاب میں ہسپتال ، کالجز ، یونیورسٹیاں بنیں جبکہ دوسروں صوبوں کے حالات قوم کے سامنے ہیں ‘(ن) لیگ کارکردگی کی بنیاد پر ہی عام انتخابات میں کامیاب ہوگی ‘پارلیمانی بورڈ سے خطاب

اتوار جون 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام سازشوں اور دھمکیوں کے باوجود صرف فصلی بیٹرے (ن) لیگ سے الگ ہوئے جنوبی محاز نے بھی چند دنوں میں دم توڑ دیا اب وہ کسی اور پارٹی میں جاچکے ہیں ‘پنجاب میں ہسپتال ، کالجز ، یونیورسٹیاں بنیں جبکہ دوسرے صوبوں کے حالات سب کے سامنے ہیں‘(ن) لیگ نے دہشت گردی اور لوڈشیڈ نگ کے خاتمے کیلئے جو اقدامات کیے وہ کام کے سامنے ہیں عام انتخابات میں پھر (ن) لیگ ہی کامیاب ہوگی ‘پارٹی کے نظر یاتی لوگوں کو ہی عام انتخابات میں میرٹ پر ٹکٹ دیئے جائیں گے وہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) صدر شہباز شریف ، چیئرمین راجہ ظفر الحق ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، خواجہ سعد رفیق ، مریم نواز،، حمزہ شہباز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ بہت کم لوگ جو فصلی بٹیرے تھے جومسلم لیگ (ن)کو چھوڑ کرگئے ہیںحالانکہ یہ کہا جارہا تھاکہ حکومت جائے گی تو جانے والوں کی لائنیں لگ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لوگ خود دیکھتے ہیں کہ یہاں کام ہوا ہے اور صوبے میں جتنے ترقیاتی کام پچھلے 10 سالوں میں ہوئے ہیں اتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے محاذ کا نعرہ لگانے والوں کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے نہیں تھا، دو دن میں ان کا محاذدم توڑ گیا اور محاذ بنانے والے پھر دوسری پارٹی میں چلے گئے ،سنا ہے وہاں بھی یہ لوگ غیر مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے گرمی ،سردی کا موسم دیکھے بغیر کام کیااور پنجاب میں لوگ خود دیکھتے ہیں کہ یہاں کام ہوا ہے اور صوبے میں جتنے ترقیاتی کام پچھلے دس سالوں میں ہوئے ہیں اتناپہلے کبھی نہیں ہوا ۔ نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود اور ًملکی ترقی کیلئے کام کیا ہے اور تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔یہاں ہسپتال ، کالجز ، یونیورسٹیاں بنیں جبکہ دوسرے صوبوں کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام (ن) لیگ کیساتھ ہے ہم ہی عام انتخابات میں کامیاب ہوں گے ۔