چینی صدر کا غیر ملکی رہنماوں ، مختلف علاقائی و عالمی تنظیموں کے رہنماوں اور غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں ایک ضیافت کا اہتمام

اتوار 10 جون 2018 21:30

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء)چینی صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک غیر ملکی رہنماوں ، مختلف علاقائی و عالمی تنظیموں کے رہنماوں اور غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں ایک ضیافت کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ہماری ملاقات چنگ ڈائومیں ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چینی حکومت ، عوام اور اپنی جانب سے تمام غیر ملکی رہنماوں اور مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’شنگھائی سپرٹ ‘‘باہمی اعتماد ، باہمی مفادات اور مساوات کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی مشاورت ، باہمی احترام اور ثقافتی تنوع ایس سی او کا حسن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مشترکہ ترقی کی جستجو کرتے ہوئے اختلافات کو پس پشت ڈالنا چاہیے اور باہمی اتفاق کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شنگھائی سپرٹ کو وسیع عالمی حمایت حاصل ہوئی ہے۔