ْصدرمملکت ممنون حسین اور ازبکستان کے صدر کا باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ازبکستان کے د رمیان تاریخی، ثقافتی اور دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں ،ْ عوامی سطح پر رابطے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،ْ صدر مملکت

اتوار 10 جون 2018 21:30

چنگ ڈائو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) صدرمملکت ممنون حسین اور ازبکستان کے صدر شوکت میر ضییوف نے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔چنگ ڈائو چین میں صدر ممنون حسین سے ازبکستان کے صدر شوکت میرضییوف نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران صدر ممنون حسین نے اپنے ازبک ہم منصب کا شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے حصول میں پاکستان کی حمایت کرنے پرشکریہ ادا کیا۔

صدرممنون حسین نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے علاقائی انسداد دہشت گردی سٹرکچر(آر اے ٹی ایس)میں ازبکستان کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی جانب سے علاقائی امن اور سلامتی کیلئے علاقائی انسداد دہشت گردی سٹرکچر(آر اے ٹی ایس) کی کوششوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے د رمیان تاریخی، ثقافتی اور دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور عوامی سطح پر رابطے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ازبکستان کو پاکستان کی رابطوں کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی۔ صدرمملکت نے کہا کہ ازبک ایئرویز کی لاہور اور تاشقند کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی سے دوطرفہ سیاحت اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے میں معاون کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے پاکستان کے افغانستان کی قیادت میں افغان امن عمل کی حمایت اور جنگ زدہ ملک میں امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے توانائی، زراعت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹیشن سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنمائوں نے تجارت، معیشت، سرمایہ ، ثقافت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ بھی لیا۔