جنوبی وزیرستان میں جلسوں پر پابندی عائدکر دی گئی

چند ریاست مخالف عناصر کی جانب سے علاقے میں جلسہ کرنے کی اطلاعات پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے ،ْڈسٹرکٹ مجسٹریٹ

اتوار 10 جون 2018 21:30

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) جنوبی وزیرستان کے ضلعی مجسٹریٹ نے قبائلی علاقے میں ایک ماہ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جلسے جلوس اور ریلی نکالنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہیل خان کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے جس کی کاپی ڈان نیوز کو موصول ہوئی میں لکھا تھا کہ چند ریاست مخالف عناصر کی جانب سے علاقے میں جلسہ کرنے کی اطلاعات پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفیکیشن میں بغیر کسی کا نام لیے کہا گیا تھا کہ چند عناصر کی جانب سے جلسے کے دوران متنازع، تعصبانہ، ریاست کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کی وجہ سے جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔اس میں مزید کہا گیا کہ کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 اس طرح کے جلسے جلوس کو روکنے کے ذرائع فراہم کرتی ہے۔مجسٹریٹ نے تمام منعقدہ تقاریب اور ریلیوں کو ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط کرتے ہوئے احکامات کا فوری اطلاق کردیا۔حکم نامے میں خبر دار کیا گیا تھا کہ کوئی بھی شخص یا گروہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے پاکستان پینل کوڈ کے دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔