ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملکر پاکستان کو قرضوں کے دلدل میں پھنسا دیا ہے،کامل علی آغا

نواز شریف سیاسی شہید بننے کی کوششیں کررہے ہیں ،ن لیگ کا پانچ سالہ دور سیاہ ترین رہا،انٹرویو

اتوار 10 جون 2018 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کامل علی آغا نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملکر پاکستان کو قرضوں کے دلدل میں پھنسا دیا ہے،زرداری حکومت کرپشن چھوٹی سے چھوٹی سطح پر پہنچا دی جبکہ مسلم لیگ ن نے میگا کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ(ن) جن منصوبوں پر فخر کر رہی ہے ان میں سے اکثریت مسلم لیگ(ق) کی حکومت نے شروع کی اور پایہ تکمیل تک پہنچائے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا پانچ سالہ اقتدار پاکستان کی تاریخ کا بدترین موڑ تھا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف سیاسی شہید بننے کی کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی کچن کیبنٹ میں شامل پرویز رشید جیسے لوگ ن لیگ تو کیا نظریہ پاکستان کے بھی مخالف ہیں اور بیرونی قوتوں کے اشارے پر نوازشریف کو غلط سمت کی جانب لے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس بھی ان کا ہی کارنامہ ہے جس کی وجہ سے مریم نواز سمیت کئی افراد ملک وقوم اور قومی اداروں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اندھا دھند کرپشن نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔نوازشریف پاکستان کے غریب عوام سے لوٹے گئے کھربوں ڈالر بچانے کیلئے قومی اداروں کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور ان کے امپورٹڈ مشیران سے کوئی پرانی دشمنی نکالتے ہوئے ذکت کے گہرے گڑھوں میں دھکیل رہے ہیں۔