افغانستان ، قندھا ر میں طالبان کے حملوں میں کم از کم پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک

آٹھ ٹن ’’ممنوعہ کیمیائی مادہ‘‘پکڑ لیا گیا

اتوار 10 جون 2018 21:40

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) افغان صوبہ قندھار میں طالبان عسکریت پسندوں کے سکیورٹی چیک پوائنٹس پر تازہ حملوں میں کم از کم پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی ر پورٹس کے مطابق ہلاک شدگان کی یہ تعداد کابل حکام نے اتوار کو بتائی ہے جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ پر نشر کردہ رپورٹوں میں بارہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا بتایا جا رہا ہے۔

ہفتے کو قندوز اور ہیرات نامی صوبوں میں عسکریت پسندوں کے متعدد حملوں میں افغان سکیورٹی فورسز کے چالیس اہلکاروں کی ہلاکت کا بتایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

طالبان نے سولہ تا اٹھارہ جون عید الفطر کے مذہبی تہوار کے دوران عارضی جنگ بندی کا اعلان کر رکھا ہے۔ دریں اثناء افغان حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ’امونیم نائٹریٹ‘ کی 156 بوریاں اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

یہ کیمیائی مواد عام طور پر بم بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ افغان انٹیلیجنس افسران نے کارروائی کرتے ہوئے طورخم کی سرحدی گزر گاہ کے قریب پاکستان سے آنے والے ایک ٹرک کو روکا اور اس پر لدا آٹھ ٹن مادہ برآمد کیا۔ یہ کیمیائی مادہ سبزیوں کی بوریوں کے نیچے چھپا گیا تھا۔ کابل حکام کا دعویٰ ہے کہ اسے عسکریت پسندی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔