غداری کا الزام توہین آمیز،نوازشریف ملک سے غداری کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتے ،انجم عقیل خان

مسلم لیگ(ن) کو چھوڑنے والوں کو جلد اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا،مسلم لیگ (ن)آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی،سابق رکن قومی اسمبلی

اتوار 10 جون 2018 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آبادکے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی اور اسلام آباد کے حلقہ این اے 54 سے امیدوار قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہاہے کہ قائدمیاں نوازشریف ملکی تعمیرو ترقی کی علامت جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکستان کانظریہ ہے،مخالفین جتناچاہئیں سازشیں کرلیںاور نادیدہ قوتوں کے مہرے بن جائیں کامیاب نہیں ہونگے، میاں نوازشریف کی راہ میں رکاوٹیں پیداکرکے اُن کی حب الوطنی کو ختم نہیں کیاجاسکتا،پہلے بھی مشکلات سے سرخروہوئے آئندہ بھی سرخروہونگے۔

انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایاہے،اُن پر غداری کا الزام لگاناتوہین آمیز عمل ہے،میاں نوازشریف کے خلاف سازش کی جا رہی ہے اور ملک کے 21کروڑعوام اس سازش کو ناکام بنادیں گے،مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہرالیکشن میں سرخرو کیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما انجم عقیل خان نے مزید کہاکہ ورثے میں ملے معاشی مسائل سے قوم کو نجات دلانے کاکریڈٹ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کوجاناہے،،قائدمیاں نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے دن رات عوامی خدمت کی اورملک کو اندھیروں سے نکالا اورروشن پاکستان کی بنیاد رکھی،یہ خدمت مخالفین کو ہضم نہیںہورہی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کو چھوڑنے والوں کو جلد اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا اورالیکشن 2018ء میں کامیاب ہو کرپاکستان مسلم لیگ(ن) ہی حکومت بنائے گی اور عوامی خدمت جاری رکھے گی۔