سرگودھا ، ہائوسنگ کالونیز کے فرانزک آڈٹ کے سلسلہ میں نیب نے کارروائی تیز کر دی

اتوار 10 جون 2018 21:40

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) سپریم کورٹ کے حکم پر سرگودھا سمیت ملک بھر کی سرکاری اور پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیز کے ہونے والے فرانزک آڈٹ کے سلسلہ میں نیب نے کارروائی تیز کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں محکمہ نیب کے افسران نے ضلع کی سطح پر بلدیاتی اداروں محکمہ کوآپریٹو ریونیو پبلک ہیلتھ اور دیگر محکموں سے میٹنگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب لاہور کی سربراہی میں ٹیم 25 جون کو سرگودھا سے آئے گی، اور متعلقہ محکموں اور کالونیز انتظامیہ سے ملاقات کرنے کے علاوہ خصوصی اجلاس بھی کریگی جو کہ اے ڈی سی ریونیو کے دفتر میں ہو گا،جس میں کنٹورنمنٹ بورڈ سرگودھا کو بھی ریکارڈ لانے کا کہا جا چکاہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو متذکرہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے پرائیویٹ رہائشی رجسٹرڈ/ غیر رجسٹرڈ ہائوسنگ کالونیوں مکمل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہاگیا ہے کہ اجلاس سے قبل ہائوسنگ کالونیوں کے سیاسی مالکان اور ان کے ذرائع آمدن کی بھی مفصل رپورٹ تیار کی جائے ، ذرائع کے مطابق رجسٹرڈ اورغیر قانونی قرار دی گئی متعدد ہائوسنگ سکیمیں سرگودھا کی اہم سیاسی شخصیات کی ملکیت ہیں یا ان کے شیئرز چل رہے ہیں، متذکرہ صورتحال پر متعلقہ محکموں کے ساتھ ساتھ مالکان میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے، اور متعلقہ اداروں نے ہائوسنگ سکیموں میں بے ضابطگیوں اور مالکان کے خلاف شکایات کی نوعیت ،اب تک ہونیوالی تادیبی کاروائی کی تفصیلات مرتب کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں