یوم آخرت بھول جانے کے باعث اللہ نے ہم پر کرپٹ حکمران مسلط کر دیے،اظہر اقبال

اتوار 10 جون 2018 21:40

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن نے کہا ہے کہ یوم آخرت بھول جانے کے باعث اللہ نے ہم پر کرپٹ حکمران مسلط کر دیے ہیں ، ہم نے قرآن پاک کو سمجھنے اور قرآنی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے بجائے اس کو غلافوں میں رکھ دیا ہے ، ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ اوکاڑا کی طرف سے دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری عرفان حیدر، جنرل سیکرٹری پنجاب ابوبکر، ناظم شہر ثاقب خاں بلوچ نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستانی قوم کو ایک بار پھر موقع دیا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کر کے پاکستان کو ان کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں سے بچاسکے ، ہم سیکولر لادین قوتوں پر یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ہم پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے جہاں پر سودی نظام کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا ، غیر ضروری ٹیکسز ختم کریں گے تعلیم ،صحت اور روزگار پر توجہ اولین ترجیح ہوگی انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے جاگیرداروں اور کرپٹ عناصر کو ٹکٹ دے کر ثابت کر دیا کہ وہ تبدیلی نہیں چاہتیں ۔