حمزہ شہباز شریف سے مختلف ن لیگی رہنمائوں کی ملاقاتیں

ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں تحریک انصاف کی منافقت بے نقاب ہوگئی ہے مسلم لیگ ن نے پانچ سال ملک کی خدمت کی ہے ،عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے درست فیصلہ کریں گے،لیگی رہنماء

اتوار جون 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئرر ہنماء حمزہ شہباز شریف سے گزشتہ روز مختلف ن لیگی رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں حمزہ شہباز سے ملاقات کرنے والوں میں مجتبیٰ شجاع ،،ڈاکٹر افضل ،رانا تنویر،،ریاض الحق ،مجتبیٰ جمال سمیت دیگر لیگی رہنمائوں نے ملاقات کی اس موقع پر حمزہ شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ایک متحدجماعت ہے اور تمام فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں اور الیکشن 2018ء میں صرف انہی لوگوں کو ٹکٹ دئیے جائیں گے جنہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے اور وہ پارٹی کے ساتھ ہر وقت متحد رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام نے دیکھ لیا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں تحریک انصاف کی منافقت بے نقاب ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ اصولوں اور نظریات کی سیاست کے دعویداروںنے ٹکٹوں کی تقسیم میں بند ربانٹ کر کے مستقبل کی سمت کا اشارہ دیدیا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان صوبے کے بعد پارٹی چلانے میں بھی نا اہل ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری انتخابات کیلئے مکمل تیاری ہے اور ہم اپنی 5 سالہ کارکردگی کیساتھ میدان میں اتریں گے انہوں نے کہا کہ انتخابی میدان سجنے والا ہے ایک طرف کارکردگی اور دوسر ی طرف انتشار ہے لیکن عوام کے ووٹوں کے ذریعے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پانچ سال ملک کی خدمت کی ہے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے درست فیصلہ کریں گے اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔