چکوال،کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا مرحلہ مکمل

اتوار 10 جون 2018 21:40

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) کاغذات نامزدگی داخل کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور ضلع چکوال کی تاریخ کا یہ منفرد الیکشن ہے کہ ابھی تک تمام دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو پتہ نہیں کہ کون کس کا مقابلہ کریگا اور کیا صورتحال سامنے آئے گی۔ سابقہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن بھی ان مشکلات سے دوچار ہے حالانکہ سردار غلام عباس کی مسلم لیگ ن کی علیحدگی کے بعد یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ2013کے تمام لیگی کامیاب امیدوار ہی 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ہونگے۔

ابھی تازہ ترین بیان میں بھی مسلم لیگ ن کی ہائی کمان نے 70فیصد سابقہ پارلیمنٹرینز کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے، بہرحال حلقہ این ای64، پی پی21اور پی پی22میں تو لیگی ٹکٹوں کے حوالے سے صورتحال واضح ہے البتہ حلقہ این ای65، پی پی23اورپی پی24میں صورتحال اس وجہ سے غیر یقینی ہے کہ پارٹی ہائی کمان اور مقامی پارلیمنٹرینز نے ابھی تک ملک سلیم اقبال اور سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کے درمیان معاملات طے کرانے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی اب سابق ایم این اے سردار ممتاز ٹمن اور سابق ایم پی اے ملک شہریار اعوان بھی ایک دوسرے کیخلاف کھل کرسامنے آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے صورتحال مسلم لیگ ن مخالف قوتوں کیلئے پہلی دفعہ اتنی سازگار ہوئی ہے۔ اُدھر پی ٹی آئی نے سردار منصور ٹمن کو ٹکٹ نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے وہ حلقہ این ای65میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے سامنے آرہے ہیں۔ سلیم اقبال کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ سردار فیض ٹمن کو دیا جائے تاکہ وہ سردار ممتاز ٹمن کو نیچا دکھا سکیں۔ بہرحال سردار ممتاز ٹمن بھی ملک شہریار اعوان کے مقابلے میں بھیڑوں کو کتا دکھاتے ہوئے کچھ امیدواروں پر اپنا ہاتھ رکھا ہوا ہے۔ اس حوالے سے صورتحال بڑی دلچسپ ہے اور تازہ ترین صورتحال میں کوئی بھی امیدوار اس ماحول میں یہ دعویٰ نہیں کر سکتاکہ کامیابی اس کے قدم چومے گی۔

متعلقہ عنوان :