کالاباغ ڈٰیم کو سندھ کے تمام مکاتب فکر بہت پہلے سے مسترد کر چکے ہیں، امیر بھنبھرو

اتوار 10 جون 2018 21:40

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) سندھ نیشنل پارٹی کے چیرمین امیر بھنبھرو نے کہا کہ ہے کالاباغ ڈٰیم کو سندھ کے تمام مکاتب فکر بہت پہلے سے مسترد کر چکے ہیں، سندھ، بلوچستان اور خیرپختونخوا کی اسمبلیوں نے بھی اس منصوبے کو اکثریتی رائے سے مسترد کردیا ہے تاہم افسوس کی بات ہے کہ ایک صوبے کی ضد کے باعث کالا باغ ڈیم کا راگ چھیڑ کا سندھ سمیت دیگر صوبوں کے مینڈیٹ کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، اپنے جاری کردہ بیان میں امیر بھنبھرو نے کہا کہ پنجاب میں زیر زمین پانی میٹھا ہے اس لیے کالا باغ ڈٰیم پر بضد رہنے کے بجائے ٹیوب ویلز کھود کر پنجاب میں پانی کی ضروریات پوری کی جائیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں زیر زمین پانی کھارا ہونے کے باعث سندھ کو دریائے سندھ کے پانی کی سخت ضرورت ہے ٹیل میں واقع ہونے کے باعث دریا کے پانی پر سندھ کا آئینی، قانونی اور شرعی حق ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب سندھ کے وسائل پر قابض ہے، سندھ زرعی خطہ ہے سندھ کے باسیوں کا معاشی انحصار زراعت پر ہے، پنجاب دریائے سندھ پر بند باندھ کر سندھ کے باسیوں سے جینے کا حق چھیننا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم چلانے سے ملکی اتحاد کو نقصان پہنچے گا، سندھی بھی اس ملک کے شہری ہیں اس لیے انہیں مساوی بنیادوں پر انصاف فراہم کرکے ملک کو بچایا جائے۔#