جولائی کو عام انتخابات کو ہر حال میں شفاف اور منصفانہ بنایا جائے گا، الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا ، نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں کا عزم

سیاسی جماعتیں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درامد کو یقینی بنائیں کوئی جماعت نگران حکومتوں کی پسندیدہ نہیں عوام جسے ووٹ دینگے اسے اقتدار سونپ دیا جائے گا،نگران وفاقی کابینہ کے اراکین،صوبائی گورنرز اور نگران وزراء اعلی کی قائم مقام صدر صادق سنجرانی کی طرف سے ایوان صدر میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو

اتوار 10 جون 2018 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) نگران وفاقی و صوبائی حکومتوں نے متفقہ طور پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کو ہر حال میں شفاف اور منصفانہ بنایا جائے گا اس کے لیے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ سیاسی جماعتوں پر زور دیا گیا کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درامد کو یقینی بنائیں کوئی جماعت نگران حکومتوں کی پسندیدہ نہیں ہے عوام جسے ووٹ دینگے اسے اقتدار سونپ دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار نگران وفاقی کابینہ کے اراکین،صوبائی گورنرز اور نگران وزرائ اعلی نے قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی کی طرف سے ایوان صدر میں افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو میں کیا۔افطار ڈنر میں چیف الیکشن کمشنر اور نگران وزیراعظم کو بھی دعوت دی گئی تھی مگر وہ شریک نہ ہوئے تاہم قائم مقام صدر نے نگران حکومتوں کو ایوان صدر میں ایک چھت تلے جمع کردیااس موقع پر ملک میں عام انتخابات کے انعقاد’ درپیش چیلنجوں اور انتظامات پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

قائم مقام صدرنے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل کے لئے انتخابی عمل کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کو آئینی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرتے ہوے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنی چاہیں- انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی بلکہ جمہوری ادارے قومی ترقی کے عمل میں زیادہ موثر کردار ادا کریں گی-انہوں نے تمام اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں نگران حکومتوں اور الیکشن کمیشن کی بھر پور معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔

قائم مقام صدر نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور انتخابا ت میں حصہ لینے والے امیدواروں پر بھی زور دیا کہ وہ انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ قوائد وضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنائیں- صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا اس حوالے سے اپنا آئینی کردار بھر پور طور پر ادا کرے گا۔ ارکان وفاقی کابینہ اور نگران وزرا اعلی نے قائم مقام صدر کو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔