ٹکٹ نہ دینےکیلئےمضحکہ خیزڈرامےکیے جارہے ہیں،چوہدری نثار

پہلےبھی کہہ چکاہوں کہ نہ ان کے ٹکٹ کا امیدوارہوں اورنہ ہی محتاج ہوں، کبھی ایسانہیں ہوا سینئر ترین ارکان انٹرویو دیں؟ جاتی امراء والوں کوکہتاہوں کہ ڈراموں اوربچگانہ حرکتوں سے اپنا مذاق نہ بنوائیں،صحتیابی کے بعدکھل کران امور پربات کروں گا۔ نون لیگی رہنماء چوہدری نثارکا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 10 جون 2018 22:07

ٹکٹ نہ دینےکیلئےمضحکہ خیزڈرامےکیے جارہے ہیں،چوہدری نثار
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ مجھے ٹکٹ نہ دینے کیلئے مضحکہ خیزڈرامے کیے جارہے ہیں،پہلے بھی کہہ چکاہوں کہ نہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی محتاج ہوں، کبھی ایساہوا کہ پارٹی کے سینئر ترین ارکان پارلیمانی بورڈکے سامنے انٹرویو دیں؟صحتیابی کے بعدکھل کران امور پربات کروں گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے پارلیمانی بورڈ میں ٹکٹ کیلئے درخواست دینے اور بورڈکے سامنے پیش ہوکرٹکٹ مانگنے کے عمل پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پتا نہیں کیوں مجھے ٹکٹ نہ دینے کا بہانہ بنانے کیلئے مضحکہ خیزڈرامے کیے جارہے ہیں۔پہلے بھی کہہ چکاہوں کہ نہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی محتاج ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جاتی امراء والوں کوکہتاہوں کہ ڈراموں اور بچگانہ حرکتوں سے اپنا مذاق نہ بنوائیں۔

کیا ایسا پہلے کبھی ہوا ہے کہ پارٹی کے سینئر ترین ارکان پارلیمانی بورڈکے سامنے انٹرویو دیں۔انہوں نے کہاکہ علالت سے صحت یابی کے بعد سارے امور پرکھل کراظہار رائے کروں گا۔واضح رہے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹ کیلئے پارٹی کے تاحیات قائد محمد نواز شریف کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ کو انٹرویو دیا۔ اس موقع پر پارلیمانی بورڈ کے اراکین نے شہباز شریف سے ان کی بطور رکن پنجاب اسمبلی کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سوالات کئے جن کا شہباز شریف نے بڑے مدلل انداز میں جواب دیا ۔

اتوار کو نجی ٹی وی کے مطا بق شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں اور ہم سب پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں، پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی مجھے قبول ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے اپنے خون اور پسینے سے پارٹی کو سینچا ہے اور پورے پاکستان میں پارٹی کو متعارف کرایا ہے ۔ انہوں نے پارلیمانی بورڈ کے سامنے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی اجازت سے سندھ میں جلسے کئے ہیں وہاں پر سوائے لوٹ مار کے کچھ نظر نہیں آیا ۔

وہاں کے عوام بر ملا کہتے ہیں کہ نواز شریف نے کراچی میں امن اور روشنیوں کوبحال کیا ہے ۔ آ پ نے اور میں نے خیبر پختوانخواہ کے دورے بھی کئے ہیں وہاں کی صورتحال بھی آپ کے سامنے عیاں ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے سامنے انٹر ویو کیلئے پیش ہو کر جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا مجھے قبول ہوگا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء چوہدری نثار نے این اے 63اور این اے 59سے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف نے اعلان کیا تھا کہ چوہدری نثار ٹکٹ مانگیں یا نہ مانگیں ان کو ٹکٹ دیا جائے گا۔