رافیل نڈال ریکارڈ 11 ویں مرتبہ فرنچ اوپن کے چمپئن بن گئے

رافیل نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں مشکلات کے باوجود اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا

اتوار جون 22:20

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون2018ء) اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں ڈومینیک تھیم کو شکست دے کر ریکارڈ 11 ویں مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔رافیل نڈال نے آسٹریا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی ڈومینک تھیم کے خلاف میچ کے اختامی مراحل میں انجری کے باوجود 6-4، 6-3 اور 6-2 سے کامیابی سمیٹ لی۔عالمی نمبرایک 32 سالہ اسٹار نے اس کامیابی کے ساتھ ہی گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 17 کردی جو حریف کھلاڑی روجر فیڈرر کے ریکارڈ سے محض تین ٹائٹل پیچھے ہیں۔

رافیل نڈال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں مشکلات کے باوجود اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ انھیں چوتھے گیم میں انگلی کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈاکٹر کی مدد لینا پڑی تھی تاہم انھوں نے میچ کو جاری رکھا اور مسلسل دوسرے سال چمپئن بن کر ریکارڈ 11 مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ رافیل نڈال نے 2005 میں 20 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ فرنچ اوپن چمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا جس کے بعد وہ مسلسل 2008 تک چمپین رہے تاہم 2009 میں روجر فیڈرر نے ان سے یہ اعزاز چھین لیا۔

کنگ آف کلے کے نام سے مشہور رافیل نڈال نے 2010 میں دوبارہ ٹائٹل اپنے نام کیا اور 2014 تک مسلسل چمپئن رہے تاہم 2015 اور 2016 میں اسٹئین واورینکا اور نوواک جوکووچ نے کامیابی سمیٹی جس کے بعد 2017 کے ٹورنامنٹ میں نڈال نے فائنل میں واورینکا کو شکست دے کر جیت کے ٹوٹے ہوئے سلسلے کو بحال کیا اور 2018 میں اس کا کامیابی سے دفاع کیا۔

متعلقہ عنوان :