اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کی قمست کا فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 جون 2018 11:29

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کی قمست کا فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جون 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کی قسمت کا فیصلہ سنا دیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے تحت ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینر شپ خالد مقبول صدیقی کو مل گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فاروق ستار کی درخواست کو مسترد کر دیا ۔

یاد رہے کہ 26 مارچ 2018ء کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی کنونیرشپ کے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینرشپ سے ہٹا دیا تھا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فاروق ستار کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کنوینرشپ سے متعلق سماعت کا اختیار رکھتا ہے جبکہ فاروق ستار کی جانب سے کرائے جانے والے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔ فاروق ستار کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کےفیصلےمیں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کے فیصلےکو کالعدم قراردے اور درخواست کےفیصلہ تک الیکشن کمیشن کےفیصلے پر حکم امتناع دیا جائے۔درخواست میں الیکشن کمیشن، کنورنوید اورخالدمقبول کوفریق بنایا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم میں کنوینئر شپ کے معاملے پر فاروق ستار کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا حکم معطل کردیا جبکہ الیکشن کمیشن، کنور نوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینئیر شپ خالد مقبول صدیقی کو مل گئی ہے۔