اردن کی 2.5ارب ڈالر کی امداد کی جائے گی، اعلامیہ مکہ کانفرنس

اردن کے اقتصادی بحران پرسعودیہ کی میزبانی میں چار ملکی اجلاس،ہرممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی

پیر 11 جون 2018 12:08

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) حال ہی میں اردن میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اٹھنے والی ملک گیر احتجاجی تحریک اور ملک میں جاری معاشی بحران کے تناظر میں سعودی عرب کی میزبانی میں چار ممالک کا اہم اجلاس مکہ مکرمہ میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت سعودی فرمانرروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی جب کہ اس موقع پر اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم، امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد نے بھی شرکت کی۔

عرب ٹی وی کے مطابق اجلاس میں ہونے والی بات چیت کے دوران اردن میں جاری معاشی اور اقتصادی بحران کے حل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر کویت اور متحدہ عرب امارات کے صدر سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں شاہ سلمان سے الگ الگ اور بعد میں مشترکہ ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک تینوں خلیجی ملکوں نے برادر ملک اردن کو درپیش معاشی اور اقتصادی مسائل کے حل میں ہرممکن مدد دینے کی یقین دہانی کرائی۔

اردن میں عوامی سطح پر مکہ معظمہ میں ہونے والے چار ملکی اجلاس کو سراہا گیا ہے۔ اردنی عوام نے سعودی عرب پر فوری حرکت میں آنے اور دوسرے ممالک کو اپنے ساتھ ملا کر اردن کے مسائل کے حل میں مدد کی مساعی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیااس موقع پراعلامیہ جاری کیاگیاکہ اردن کی 2.5بلین ڈالر کی امداد کی جائے گی۔