مشرقی صنعاء میں یمنی فوج کی کارروائی میں 30 حوثی ہلاک، 10 گرفتار

عرب اتحادی فوج کے یمن میں متعدد مقامات پر حوثی باغیوں کے ٹھاکوں پرفضائی حملے،شدید مالی وجانی نقصان

پیر 11 جون 2018 12:08

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) مشرقی صنعاء کے نھم محاذ پر یمن کی سرکاری فوج اور ایران نواز حوثی باغیوں کے درمیان اتوار کے روز خون ریز جھڑپوں میں 30 باغی ہلاک اور 10 کو گرفتار کرلیا گیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن کے شعبہ اطلاعات کے ایک ذریعے نے بتایا کہ مشرقی صنعاء میں جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب حوثیوں کے ایک گروپ نے جبل الجبیر اور تبی الحمراء سمیت متعدد دیگر علاقوں میں دراندازی کی کوشش کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سرکاری فوج نے حوثی ملیشیا کی درندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا ہے۔لڑائی میں کم سے کم تیس باغی ہلاک ، درجنوں زخمی اور دس کو گرفتار کرلیا گیا۔ادھرایک دوسری پیش رفت میں عرب اتحادی فوج نے یمن میں متعدد مقامات پر حوثی باغیوں کے ٹھاکوں پرفضائی حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں باغیوں کو بے پناہ جانی اور مالی نقصان پہنچا ۔

(جاری ہے)

عرب اتحادی فوج کی مدد سے یمنی فوج اور اس کی حامی مزاحمتی فورسز نے نھم ڈاریکٹوریٹ کے پہاڑی علاقوں کو باغیوں سے آزاد کرانے کا اپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ نھم کے محاذ کو صنعا کا مشرقی دروازہ قرار دیا جاتا ہے اور دفاعی وتزویراتی اعتبار سے یہ ایک اہم مقام ہے۔ادھر مغربی مآرب میں صرواح کے مقام پر بھی یمنی فوج اور باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔ صرواح میں القلب اور المیسرہ کے مقامات پر لڑ?ائی کے دوران درجنوں حوثی باغیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑائی میں کم سے کم تیس باغی ہلاک اور 60 زخمی ہوچکے ہیں۔