ویرات کوہلی کے لیے دورہ انگلینڈ سے قبل بڑی ”خوش خبری “ آگئی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے مداح خوشی کے شادیانے بجانے لگے

پیر 11 جون 2018 12:20

ویرات کوہلی کے لیے دورہ انگلینڈ سے قبل بڑی ”خوش خبری “ آگئی
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جون2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے لیے دورہ انگلینڈ سے قبل بڑی ”خوش خبری “ آگئی ، انگلش فاسٹ باﺅلر جیمز اینڈرسن فٹنس مسائل کے باعث چھ ہفتوں تک کرکٹ میدانوں میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ وہ دائیں کندھے کی انجری میں مبتلا ہیں اور انگلش ٹیم مینجمنٹ کو اس بات کی پوری توقع ہے کہ وہ بھارت کے خلاف شیڈول سیریز سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔

انگلش ہیڈ کوچ ٹریور بیلس نے کہا کہ جیمز اینڈرسن کے دائیں کندھے میں 2016ءمیں شروع ہونے والا درد ایک بار پھر امڈ آیا ہے جس کے بعد ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں چھ ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا اور ان کی صحت پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے،یکم اگست سے بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ کی مشکل سیریز شروع ہورہی ہے امید ہے کہ اس وقت تک اینڈرسن ری ہیب سے فارغ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

لنکا شائر کے فاسٹ باﺅلر نے انگلینڈ کو گذشتہ ہفتے لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف اننگز کی فتح دلوانے میں اہم کردار کیا تھا۔زخمی ہونے کے باعث جیمز اینڈرسن کاﺅنٹی چیمپئن شپ میں لنکا شائر کی جانب سے وورسٹر شائر اور ہمپشائر کے خلاف شیڈول میچوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ یاد رہے کہ 2014ءمیں بھارت کے دورہ انگلینڈ کے دوران جیمز اینڈرسن نے ویرات کوہلی کو مکمل طور پر اپنے قابو میں کیے رکھا تھا اور موجودہ بھارتی کپتان نے اس وقت سیریز میں اینڈرسن کی محض21گیندوں کا سامنا کیا تھا ،ا س دوران وہ صرف 6رنز سکور کرسکے تھے اور اینڈرسن نے 4مرتبہ انہیں اپنا شکا ر بنایا تھا۔

35سالہ جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باﺅلر ہیں ، وہ اب تک 138میچز میں 27.23کی اوسط سے540ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس میں 25مرتبہ ایک اننگز میں 5یا اس سے زائد شکار اور 3مرتبہ میچ میں 10یا اس سے زائد وکٹوں کی پرفارمنس شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :