سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا چالان ہو گیا

موٹروے پر تیز رفتاری پر موٹروے پولیس نے چالان کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 جون 2018 12:54

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا چالان ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جون 2018ء) : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا چالان ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد خاقان عباسی بذریعہ موٹروے سفر کر رہے تھے کہ تیزرفتاری پر موٹروے پولیس نے ان کا چالان کر دیا ۔ موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ساڑھے 7 سو روپے کا چالان کیا۔ چالان کے بعد موٹروے پولیس کے اہلکاروں نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہد خاقان عباسی اپنی لینڈ کروزر پر موٹروے پر سفر کر رہے تھے کہ مقررہ حد رفتار سے تجاوز کرنے پر شیخوپورہ کے قریب موٹروے پولیس نے ان کا چالان کر دیا۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جارہے تھے جس پر ان کا چالان کیا۔

(جاری ہے)

چالان کرنے پر شاہد خاقان عباسی نے موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی انہوں نے بلا خوف و خطر خلاف ورزی کرنے پر ان کا چالان کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخواہ کے ٹریفک پولیس کے اہلکار اپنی بے باکی اور بلاامتیاز کارروائیوں پر خبروں کی زینت بنے رہتے تھے۔ کے پی کے پولیس نے ہر خاص و عام پر قانون کی بالادستی کو ترجیح دی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کسی وزیر کا چالان کرنے یا اپنے اعلیٰ افسر کو جُرمانہ کرنے سے بھی نہیں گھبرائے۔ شاہد خاقان عباسی کا چالان ہونے پر سیاسی تجزیہ کاروں نے اسے ایک اچھا شگون قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز جب تک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلا خوف و خطر جُرمانہ نہیں کریں گے تب تک ملک ترقی نہیں کر سکے گا اور قانون کی بالادستی کو یقینی نہیں بنایا جا سکے گا۔ ایسے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا چالان ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔