دُبئی:دُوسروں کو گرفتار کرنے والا خود جیل کا قیدی بن گیا

پولیس اہلکار پر فلپائنی خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا الزام ثابت ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 جون 2018 13:05

دُبئی:دُوسروں کو گرفتار کرنے والا خود جیل کا قیدی بن گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جُون 2018ء) پولیس اہلکار کو بینک کی ملازمہ کے ساتھ جنسی عمل کے ارتکاب نے جیل پہنچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق مئی 2017ء کو 26 سالہ فلپائنی بینک ملازمہ نے 28 سالہ پولیس اہلکار (جو اس دوران ڈیوٹی پر نہیں تھا) کو کال کی جس کا مقصد بینک کی جانب سے نئے کریڈٹ کارڈ کے حصول کے لیے راغب کرنا تھا۔ ملزم نے خاتون کو دیرہ میں واقع بینک کی برانچ میں مِلنے کا کہا۔

ملاقات کے دوران کریڈٹ کارڈ کی آفر پر ملزم نے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارڈ کے حصول کے لیے متعلقہ دستاویز پر دستخط کرنے کی خاطر بینک برانچ میں جائے گا۔ مگر ملزم خاتون کو اُس کی متعلقہ برانچ میں لے جانے کی بجائے یہ کہہ کر الرشیدیہ لے گیا کہ وہ بینک کی ایک اور برانچ میں جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم نے کار ایک پارکنگ ایریا میں روک کر اُسے اندر سے لاک کر دیا۔

گاڑی کے سامنے کا پردہ کھینچ کر پچھلی سیٹ پر جا بیٹھا جہاں فلپائنی خاتون بھی براجمان تھی اور اُس جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ اس کے بعد ملزم متاثرہ خاتون کو ایک پٹرول سٹیشن لے گیا جہاں اُس نے خاتون سے کہا کہ وہ نہا دھو کر تازہ دم ہو جائے تاکہ وہ اُسے اُس کے بینک چھوڑ دے۔خاتون نے وہاں موجود واش رُوم میں جا کر ایک دوست کو کال کی اور اسے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا۔

اُس کی دوست موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ خاتون کو اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے جا کر اس واقعے کی رپورٹ کر دی۔ پولیس نے ملزم کو اُس کی کار نمبر پلیٹ سے شناخت کیا۔ مارچ 2018ء میں دُبئی کی عدالت نے ملزم کو زیادتی اور جنسی ہراسانی کے الزام میں ایک سال قید کی سُزا سُنائی تھی جس کے خلاف ملزم نے نظر ثانی کی اپیل دائر کر رکھی تھی۔ پریزائیڈنگ جج سعید سالم بن صارم نے ملزم کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابقہ فیصلے کو بحال رکھا۔ ملزم کو سزا پُوری ہونے کے بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ تاہم ملزم کو فیصلے کے خلاف مزید اپیل کے لیے اعلیٰ عدالت میں جانے کا حق دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :