Live Updates

پی ٹی آئی کا پی کے 79 سے ڈرگ ڈیلر کو ٹکٹ دینے کا انکشاف

پی ٹی آئی رہنما فضل الٰہی نے ثبوت عمران خان کو پیش کرنے کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 11 جون 2018 13:25

پی ٹی آئی کا پی کے 79 سے ڈرگ ڈیلر کو ٹکٹ دینے کا انکشاف
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جون 2018ء) :پی ٹی آئی نے گذشتہ ہفتے عام انتخابات 2018ء کے لیے اُمیدواروں میں ٹکٹس تقسیم کیں جس پر پی ٹی آئی کو کارکنان اور کئی پارٹی رہنماؤں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا رہا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے پی کے 79 پشاور میں ایک ڈرگ ڈیلر کو ٹکٹ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ پی کے 72 پشاور سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار فضل الٰہی نے کہا کہ میرے حلقے پی کے 6 کے دو حصے ہو گئے ہیں، ایک حصہ جو میرا ہوم اسٹیشن ہے وہ اب پی کے 79 ہو گیا ہے۔

دکھ کی بات یہ ہے کہ جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں ، ایک شخص مسلم لیگ سے آیا ہے اور اس کو پی کے 79 کا ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی کے 79 سے جس اُمیدوار کو ٹکٹ دیا گیا ہے وہ نارکوٹکس میں ملوث ہے۔ فضل الٰہی نے کہا کہ کچھ سال قبل منشیات کے کاروبار میں اس شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اسے چھڑوا لیا گیا۔

(جاری ہے)

میں پی کے 79 کے اُمیدوار کے خلاف ثبوت جلد ہی عمران خان کو پیش کروں گا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے پی کے 79 پشاور سے ٹکٹ ناصر موسیٰ زئی کو دیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 60 فیصد اُمیدواروں کا اعلان کیا لیکن پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کو ٹکٹ سے محروم رکھا۔ بابر اعوان، شوکت یوسفزئی، علی محمد،فیصل واڈا،شہر یار آفریدی،ڈاکٹر عامر لیاقت،سیف اﷲ نیازی اور ولید اقبال پارٹی ٹکٹ سے محروم رہے ۔

پارٹی کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست پر کئی کارکنان اور پارٹی رہنماؤں نے اعتراض اُٹھایا جس کے پیش نظر ناراض کارکنان نے گرینڈ الائنس کے نام سے ایک اتحاد بھی تشکیل دیا۔پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے ٹکٹ نہ ملنے والوں کے لیے پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہ انتخابی اُمیدواروں کو ٹکٹ کا اجرا ایک نہایت اہم لیکن کٹھن مرحلہ تھا۔ہمیں ساڑھے4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، یہ ایک فطری امر تھا کہ سب کو ٹکٹس دینا ناممکن تھا۔

پارٹی نے نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے، جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے بھی طلب کی۔ دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ پارٹی چئیرمین نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے، میں انہیں ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات