طیبہ تشدد کیس،وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل منظور ،

مجرمان کی سزائیں ایک سال سے بڑھا کر 3 سال کردی گئیں مجرمان کو جرمانہ بھی 50 ہزار کی بجائے ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے ادا کرنا ہوگا

پیر 11 جون 2018 14:02

طیبہ تشدد کیس،وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل منظور ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) ہائیکورٹ نے طیبہ تشدد کیس میں وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے مجرمان سابق جج راجہ خرم اور ان کی اہلیہ کی سزا ایک سال سے بڑھا کر تین سال کردی جب کہ مجرمان کو جرمانہ بھی 50 ہزار کی بجائے ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے ادا کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے طیبہ تشدد کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کو ملزمان کی اپیلوں پر ایک ہفتے میں فیصلے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق پرمشتمل سنگل بینچ نے بطور ٹرائل کورٹ اس کیس کا ٹرائل کیا تھا اور ملزمان ایڈیشنل جج راجہ خرم علی اور ان کی اہلیہ کو ایک ایک سال قید اور 50 ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا سنائی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دو رکنی بینچ کے سامنے انٹراکورٹ اپیل دائر کی گئی تھی جس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ ملزمان کی سزا کے خلاف وفاق نے بھی اپیل دائر کی تھی جس میں مقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمان کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے کم سزا سنائی گئی لہذا اس میں اضافہ کیا جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وفاق کی اپیل منظور کرلی۔عدالتی بینچ نے فیصلے میں مجرمان راجہ خرم اور ان کی اہلیہ کی سزا میں 2،2 سال کا اضافہ کردیا جس کے بعد اب سزا 3 سال ہوگی جب کہ جرمانہ بھی پچاس ہزار سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے فی کس کردیا۔عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس نے مجرمان سابق جج راجہ خرم اور ان کی اہلیہ کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔