اسکاٹ لینڈ نے نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں 6رنز سے شکست دیکر اپ سیٹ کردیا

انگلینڈ کی پوری ٹیم 372رنز ہدف کے تعاقب میں 49اوورز میں 365رنز بناکر آئوٹ،جونی بیئرسٹو 105، ایلکس ہیلز 52، معین علی46اور پلنکٹ47رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے

پیر 11 جون 2018 14:26

اسکاٹ لینڈ نے نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں 6رنز سے شکست دیکر ..
ایڈنبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) اسکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں 6رنز سے شکست دیکر اپ سیٹ کردیا۔انگلینڈ کی ٹیم 372رنز ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 49ویں اوور میں 365رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو 105، ایلکس ہیلز 52، معین علی46اور پلنکٹ47رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

اسکاٹ لینڈ کے شہیر ایڈنبرگ میں کھیلے گئے واحد ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔اسکاٹ لینڈ کے بلے بازوں نے انگلینڈ کے بولرز کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 371رنز بنا ڈالے۔میزبان ٹیم کی جانب سے کیلم مکلائڈ نے یادگار اننگز کھیلتے ہوئے 140رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آٹ رہے۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ میتھیو کراس (48)، کائل کٹزر (58)اور جارج منسے (55)رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ اور عادل رشید نے دو، دو جبکہ مارک ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔جواب میں شاندار آغاز کے باوجود انگلینڈ کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 365رنز بناکر آٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو نے 105رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جیسن روئے (34)، ایلکس ہیلز (52)، معین علی (46)اور لیام پلنکٹ (47)رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ نے تین، الیسڈیئر ایونز اور رچی ریبرنگٹن نے دو، دو جبکہ سفیان شریف نے ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔مکلائیڈ کو یادگار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ اسکاٹ لینڈ کی انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں پہلی فتح تھی جو کہ آئی سی سی ایک روزہ کرکٹ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔پاکستانی ٹیم کو بھی اسکاٹ لینڈ کے خلاف 12اور 13جون کو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔

متعلقہ عنوان :