متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم اور اسلام آباد میں یو اے ای کے سفارتخانے کے زیر اہتمام مظفرآباد میں 310بیوہ ، یتیم، معذور اور مستحق افراد میں رمضان پیکج تقسیم

پیر 11 جون 2018 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم اور اسلام آباد میں یو اے ای کے سفارتخانے کے زیر اہتمام آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں 310بیوہ ، یتیم، معذور اور مستحق افراد میں رمضان پیکج تقسیم کر کے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت اور حقدارو ں تک ان کے حقوق پہنچانے کی بہترین مثال قائم کر دی گئی ہے پائلٹ ہائی سکول نمبر ایک مظفرآباد میں مظفرآباد شہر اور اسکے نواحی علاقوں سے تعلق رکھنے والے تین سو دس خاندانوں میں بیس کلو آٹا ، دس کلو چاول ، پانچ کلو چینی ، ایک کلو پتی ،گھی اور کھجوروں پر مشتمل رمضان پیکج تقسیم کیا گیا اسلام آباد میں یو اے ای کے ڈائریکٹر قونصلیٹ الشیخ علی المنصوری ، رکن رفاعی کمیٹی شیخ عبداللہ الکعبی کی ہدایت پر مظفرآباد میں متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم آزادکشمیر کے ریجنل منیجر انجینئر عبدالروف کی نگرانی میں رمضان پیکج تقسیم کیا گیا اس موقع پر بیوہ خواتین ، یتیم بچوں ، معذور اور مستحق افراد کی بڑی تعداد موجود تھی منتظمین کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے رفاعی ادارے محمد بن راشد آل مکتوم اور پاکستان میں یو اے ای کے سفارتخانے کے تعاون سے پاکستان اور آزادکشمیر میں 1600سے زائد مستحق افراد میں رمضان پیکج تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے مظفرآباد ،ہٹیاں بالااور شکر پٹیاں میں سینکڑوں افراد میں رمضان پیکج تقسیم کر دیا گیا ہے جبکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیوہ خواتین ، یتیم بچوں ، معذور اور مستحق افراد نے رمضان پیکج تقسیم کرنے پر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور متحدہ عرب امارات کے اسلام آباد میں سفارتخانے کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے استحکام ، سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی -