فریڈم پارٹی کا شبیر شاہ سمیت جیلوں میں نظربند حریت پسندکشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

شہدا ء کے عزیز و اقارب کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے اپیل

پیر 11 جون 2018 15:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے چیئرمین شبیر احمد شاہ سمیت جیلوں میں نظربند حریت پسند کشمیریوں کی حالت زار پرسخت تشوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے سے علاقے میں جاری قتل و غارت کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کے حل میں جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کا راز پوشیدہ ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی منفی سوچ کی وجہ سے انسانی اقدار کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کی سیاسی قیادت تنازعہ کشمیر کے حل میں تاخیری حربے اختیار کررہی ہے جس نے کشمیری نوجوانوں کوبندوق اٹھانے پر مجبور کیا ہے۔

انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ڈی پی واٹس کے بیان کی کہ کشمیر میں پتھرائو کرنے والے نوجوانوں کو گولی سے اڑا دینا چاہیے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے لوگوں کی وجہ سے ہی مسئلہ کشمیر حل نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام ایک ایسی صورتحال میں عید الفطر منارہے ہیں جہاں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیاںعروج پر ہیں۔ مولانا طاری نے عوام سے اپیل کی کہ مختلف جیلوں میں نظربند حریت پسندوں کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں اور شہدا کے عزیز و اقارب کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔