نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کے واقعات میں اچانک اضافہ

موٹر سائیکل سوارڈاکوں کاٹولہ خوف کی علامت بن گیا ، گذشتہ روز افطار کے وقت ڈاکوئوں نے بیک وقت چار دکانوں کا صفایاکردیا

پیر 11 جون 2018 15:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کے واقعات میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے ،موٹر سائیکل سوارڈاکوں کاٹولہ خوف کی علامت بن گیا ،گذشتہ روز افطار کے وقت ڈاکوئوں نے بیک وقت چار دکانوں کا صفایا کر دیا جبکہ پید ل چلنے والے راہگیربھی ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گئے ،علاقہ میں لوٹ مار کے واقعات عام ہونے سے مکینوں میں خوف و ہراس پایا جا تا ہے جبکہ مقامی پولیس بھی ڈاکوئوں کے آگے بے بس ہے ۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں خصوصا سیکٹر فائیو اے 1اور سیکٹر فائیو ای2سمیت دیگر سیکٹر ز میں ڈاکوئوں نے یکے بعد دیگرے شہریو ں اور دکانداروں سے لوٹ مار کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز نارتھ کراچی کے سیکٹر5-A/1میں واقع عثمان غنی مسجد سے ملحق مارکیٹ میں مغرب کی اذان کے وقت 2موٹر سائیکل پر سوار 4ڈاکوئوں نے دکانداروں کیساتھ روزہ کھولا اور اس کے فوری بعد پستول دکھا کر لوٹ مار شرو ع کر دی ۔

بتایا جاتا ہے کہ عرفان سبزی فروش ڈاکوئوں نے 9ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون چھینا اسی طرح اس سے ملحق شاہد کریانہ اسٹور کے مالک شاہد سی20ہزار وپے مالیت کا موبائل فون ،نجمی پان شاپ سی5900روپے نقدی اور عمر کریانہ اسٹور سے 25ہزار روپے کیش چھین کر با آسانی فرار ہو گئے ڈاکوئوں نے پیدل چلنے والے راہگیروں سے بھی لوٹ مار کی ۔ذرائع نے بتایا کہ نارتھ کراچی کے متعدد علاقے جرائم پیشہ عناصر کا گڑھ بن چکے ہیں اور وہ جب چاہتے ہیں لوٹ مار کر کے با آسانی فرار ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی دکانداروں اور شہریوں میں خوف کی فضاء پائی جاتی ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ دکانداروں نے لوٹ مار کے واقعات کی مقامی تھانے میںرپورٹ درج نہیں کرائی۔ دوسری جانب مقامی تھانے کی پولیس ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی میں ناکا م ہے علاقہ پولیس صرف نمائشی گشت میں مصروف ہے جس کی وجہ سے ڈاکوئوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں اور لوٹ مار کے واقعات مین تیزی کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :