اسٹیٹس کو ختم ،عوام کی خوشیاں لوٹنے والوں کے سیاسی مستقبل کو اندھیروں میں دھکیلا جائے ‘فرید احمد پراچہ

پیر 11 جون 2018 16:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ وقت آگیاہے کہ اسٹیٹس کو ختم کیا جائے اور عوام کی خوشیاں لوٹنے والوں کے سیاسی مستقبل کو اندھیروں میں دھکیلا جائے ۔ وہ گزشتہ روز این اے 126 کے ورکزز کنونشن اور افطار ڈنر سے خطاب کرر ہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ظلم و ستم کے مارے عوام کے لیے نوید سحر اور پیغام انقلاب ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس علاقہ سے 2002 ء تک میں نے بحیثیت ایم این اے نمائندگی کی اور 28 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کرائے نیز بند پار غریب آبادیوں میں سوئی گیس فراہم کی ۔ قومی اسمبلی میں تحریک التواء ، توجہ دلائو نوٹسز اور سوالات کے ذریعے ہر اہم مسئلہ کو اٹھایا ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ کی عزت اسی صورت قائم ہوتی ہے جب ووٹر کو عزت دی جائے اور اس کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم ووٹر کی عزت و توقیر کے امین ہی نہیں ، اس کے مسائل کے حل کے حقیقی ترجمان بھی ہیں ۔