بینظیر بھٹو میڈکل کالج کے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنا حکومتی انتقامی کاروائی ہے ‘بھرپور مذمت کرتے ہیں

پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل راجہ محمد ایوب خان کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 11 جون 2018 16:08

ناٹنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل راجہ محمد ایوب خان نے کہا ہے بینظیر بھٹو میڈکل کالج کے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ حکومتی انتقامی کاروائی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت میں نہ صرف ریاست کے اندر تعلیمی اداروں کی داغ بیل ڈالی گئی بلکہ ہزاروں افراد کو سرکاری ملازمتیں دی گئیں تاکہ باعزت طریقے سے غریب عوام اپنا رزق کما سکیں لیکن ن لیگ کی حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی سرکاری ملازمتیں چھین کر عوام پر ظلم کر نا شروع کر دیا۔

پہلے این ٹی ایس ٹیسٹ کا بہانہ کر سالوں سے درس تدریس کا سلسلہ انجام دینے والے اساتذہ کو اپنی انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھایا اور اب میڈیکل کالج کے ملازمین پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قیامت برپا کی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ محمد ایوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تین میڈیکل کالجز اور میڈیکل یونیورسٹی کا قیام پیپلز پارٹی اور بالخصوص سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کا کارنامہ ہے۔

پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دورحکومت میں مختلف محکموں میں آزاد کشمیر بھر میں ہزاروں بے روزگارہ افراد کو سرکاری ملازمتیں دیکر روزگار مہیا کیا گیا لیکن ن لیگ کی حکومت قائم ہوتے ہی غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔میڈیکل کالج کے ملازمین سے سرکاری ملازمتیں صرف تعصب کی بنیاد پر چھینی جا رہی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔حکومت کو ایسے فیصلے مہنگے پڑیں گے۔میڈیکل کالج کے ملازمین کی فوری بخالی کا مطالبہ کرتے ہیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو پیپلز پارٹی شدید احتجاج کریگی۔