عجلت کی گئی ایکٹ 74میں ترمیم نواز مودی کے تقسیم کشمیر ایجنڈے کا حصہ ہے‘ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے‘ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص اور وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی

مسلم کانفرنس طلبہ بورڈ کے چیئرمین وسابق امیدوار اسمبلی سجاد انور عباسی کی بات چیت

پیر جون 16:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2018ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس طلبہ بورڈ کے چیئرمین وسابق امیدوار اسمبلی سجاد انور عباسی نے کہا ہے کہ عجلت کی گئی ایکٹ 74میں ترمیم نواز مودی کے تقسیم کشمیر ایجنڈے کا حصہ ہے،ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے،مسلم کانفرنس ریاستی تشخص اور وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔نواز جدہ ڈپلومیسی آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوشش کر کی چھ لاکھ شہدائے کشمیر کے مقدس خون سے غداری کر رہی ہے،مسلم کانفرنس صدرجماعت سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں آئینی،سیاسی،قانونی ہر محاذ پر دفاع کرتے ہوئے آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی سازش کو ناکام بنائے گی،فاروق حیدر کی عجلت میں کی گئی تیرہویں ترمیم میں آزاد کشمیر کی آزادی کو خطرے میں ڈال دیا،ریاست جموں وکشمیر کے باشعور عوام لاکھوں شہداء کے غداروں کو بے نقاب کرتے ہوئے،ریاستی تشخص کی نگہابی کیلئے کردار کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز طلبہ بورڈ کے ڈویژنل صدر افتخار اکرم کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس اسی لئے توڑا گیا تھا تاکہ کشمیر کی تقسیم ممکن ہو کیونکہ تقسیم کشمیر کی راہ میں مسلم کانفرنس سب سے بڑی رکاوٹ ہے،انشاء اللہ جب تک مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے جانثار کارکن زندہ ہیں کسی کو کشمیر کی تقسیم نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی صوبہ بننے دیں گے،صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں تمام سازشوں کا ڈٹ مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی بنیاد ہے آئینی ترامیم بنانے کا نعرہ دے کر پہلے سے حاصل شدہ اختیارات بھی ختم کر دیئے گئے،کشمیر کونسل کے آئینی کردار کا خاتمہ سنگین نتائج کا حامل ہے،،نواز شریف شروع دن سے ہی تقسیم کشمیر کے ایجنڈے پر گامزن ہیں،کشمیر کونسل کی آئینی حیثیت ختم کرنا سنگین جرم ہے،مسلم کانفرنس ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی جس سے تقسیم کشمیر ہو اور نہ ہی کشمیر کو صوبہ بنانے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی ہر کال پر لبیک کرنے کیلئے تیار ہیں،آزاد کشمیر بچائو تحریک بھر پور طریقے سے چلائیں گے۔اس موقع پر اُن کے ہمراہ طلبہ بورڈ کے ڈویژنل صدر راجہ افتخار اکرم،مرکزی رابطہ بورڈ کے سیکرٹری راجہ احسان حیدر،قذافی الطاف،احسن عباسی دیگر موجود تھے۔