آل پارٹیز آلائنس لیپہ کرناہ کے رہنمائوں نے 20 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی تنظیمو ں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے عوام رابطہ مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا

پیر 11 جون 2018 16:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) آل پارٹیز آلائنس لیپہ کرناہ کے رہنمائوں کی جانب سے ٹنل تعمیر کے قومی منصوبہ ، قانون ساز اسمبلی میں اضافی نشست ،پچاس بستروں پر مشتمل ہسپتال کا قیام، میڈیکل آفیسر گائنا کالوجسٹ کی تعیناتی ، سائنس کلاسز کے اجراء ، سڑکوں کی پختگی ، ادھورے تعلیمی اداروں کی تکمیل ،مین بازار لیپہ آتش زدگی کے متاثر ہ تاجرو ں سمیت 20 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کے لئے حکومت پر دبائو بڑھانے کے لئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی تنظیمو ں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے عوام رابطہ مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے اور عیدالفطر کے بعد بھرپور انداز میں عوام رابطہ مہم کوآگے بڑھاتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے سربرہان ، ممبر ان ، قانون سازاسمبلی ، عسکری قیادت ، طلبہ ، تاجر ، صحافتی ، وکلاء ، تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی سے ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد چوتھی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرکے عوام کو درپیش مسائل پر سفارشات حکومت کو ارسال کی جائیں گی ،عوام کو منظم کرنے اور بالخصوص نوجوان نسل کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لئے لیپہ کرنا ہ میں پہلا یوتھ کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ،اس بات کا اعلان گزشتہ روز آل پارٹیز آلائنس کے ترجمان منصور عالم قریشی کی جانب سے کور کمیٹی کے اعزاز میں دئیے جانے والے افطار ڈنر میں باہمی مشاورت کے بعد سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر ،منصور عالم قریشی ،پیرزادہ شامی ، سعید اختر اعوان ، جمیل حمید ، حفیظ اعوان نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم راجا فاروق حیدر خان کو 20 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ تین ماہ کے اندر ٹنل منصوبے کا سنگ بنیاد ،اسمبلی میں ان کے وعدوں کے مطابق الگ نشست ، لیپہ سے مظفرآباد تک تاریخی ریلی کے بعد وزراء کے معاہدوں پر مشتمل تحریری دستاویز ارسال کی جائے گی اور حکومت پاکستان ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان ،سیاسی جماعتوں کے سربرہان ، چوہدری لطیف اکبر ، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، سردار عتیق احمد خان ، سردار خالد ابراہیم ، انجینئر خالد محمود اور حریت کانفرنس کے رہنمائوں ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ، انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کو پسماندہ ترین علاقہ لیپہ کرناہ کے عوام کو درپیش نصف صدی سے مسائل اور ان کے جائز مطالبات پر کھلا خط ارسال کیا جارہا ہے اسی طرح وادی لیپہ کرناہ کے جنگلات سے لکڑی کی آمدن سے قومی خزانے میں سالانہ کروڑوں روپے جمع ہونے پر رائلٹی کے مستقل حل پر بھی حکومت کی توجہ مبذول کروائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہم نے حکومت کے ہر اچھے اقدام کو خوش آئند قرار دیا لیکن اب بجٹ کے بعد عملدرآمد کا عملی مظاہرہ عوام علاقہ کی خواہش ہے جس کیلئے خود دار لوگوں نے اور بالخصوص نوجوان نسل نے صبر آزما جدوجہد کی ہے اس لئے ہمارا یک نکاتی ایجنڈہ بلاتخصیص عوام کے مسائل حل کروانے میں اپنا کردار ادا کر کے خلق کائنات کی خوشنودی حاصل کرنا ہے جس کی وجہ سے ہم نہ کسی پر بے جا تنقید کرتے ہیں اور نہ غیر ضروری تعریف ، حق بات کے لئے ہمارا چارٹر آف ڈیمانڈ پورے معاشرے کے سامنے ہے ، شوکت جاوید میر،منصور عالم قریشی نے کہا ہم نے فیصلہ کن رائونڈ کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اگر مطالبات جمہوری انداز میں حل نہ ہو سکے اور ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کروعدوں اور سہانے خوابوں پر ٹرخانے کی کوشش کی تو تنگ آمد بجنگ آمد کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں بچے گاہمارا کوئی ایسا مطالبہ نہیں جس کو حکمران ’’نواں نویلا لاڈلا ، کھیلن کو مانگے چاند ‘‘ کے ساتھ تشبعہ دے سکیں ،وفاقی حکومت نے ٹنل کے لئے جو 50 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں اس کے اخراجات کے لئے ٹنل ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر کے اسے جاریہ منصوبہ بنایا جائے اس لئے ہم نے تجویز دی ہے کہ ٹنل کا سنگ بنیاد وزیراعظم راجا فاروق حیدر ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، سیاسی جماعتوں کے سربرہان اور لینڈ سلائیڈنگ میں جان بحق ہونے والے خاندانوں کے ورثاء مشترکہ طور پر کر کے ایک نئی قومی عالمی روایت قائم کریں ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آل پارٹیز کے رہنمائوں نے ہٹیاں بالا (اوڑی)کا دورہ کیا انہوں نے اپنے دورے کے دوران پریس کلب ہٹیاں بالا کے صدر مرزا اسلم کے فرزند ،معروف شخصیت احسان گیلانی کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ، مسلم کانفرنس کے بزرگ رہنماء سابق وزیرسردار علی خان چغتائی ، مسلم لیگ ن کے رہنماء ٹھیکیدار خان نصر اللہ خان عباسی ، سیاسی و سماجی شخصیت افضال ہمدانی کی ان کے گھروں میں جا کر عیادت کی اور اس کے علاوہ سیاسی سماجی تاجر رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر ہٹیاں بالا کے سینئر صحافیوںعارف کشمیری، سید ظاہر ہمدانی ، عدنان فاطمی ، اسرار ہمدانی سے پریس کلب میں ضلع ہٹیاں بالا کے اجتماعی عوامی مسائل پر مشاورت اور تبادلہ خیال کیا اور ان سے عوامی مسائل پر حمایت کی درخواست کرتے ہوئے ان کی گراں قدر صحافتی خدمات اور قومی عوامی مسائل جرات مندی سے اجاگر کرنے پر ہٹیاں بالا کے پریس کلب کے عہدیداروں ، ممبران سمیت جملہ نمائندگان کا شکریہ ادا کیا ۔