ضلعی انتظامیہ مظفرآباد،محکمہ اوقاف اور حکومت کی غفلت لاپرواہی عدم دلچسپی ‘تیز بارش اور آندھی سے دربار عالیہ حضرت پیر سید جمعہ شاہ باجی امبور منہدم ‘جامعہ مسجد کا احاطہ شہید ہو گیا

پیر 11 جون 2018 16:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) ضلعی انتظامیہ مظفرآباد،محکمہ اوقاف اور حکومت کی غفلت لاپرواہی عدم دلچسپی کے باعث گزشتہ روز کی تیز بارش اور آندھی کی وجہ سے دربار عالیہ حضرت پیر سید جمعہ شاہ باجی امبور منہدم ۔اور جامعہ مسجد کا احاطہ شہید ہو گیا ۔لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دربار اور مسجد شریف کا کچھ حصہ گر گیا ۔

جبکہ بقیہ حصہ کسی بھی وقت دریا برد ہونے کا خدشہ ۔زائرین حکومتی لاپرواہی پر سراپا احتجاج بن گئے ۔نمازیوں کو نماز کی ادائیگی میں بھی شدید دشواری کا سامنا ۔عیدالفطر کے فوراً بعد احتجاج کا اعلان ۔حکومتی اور اداروں کی سطح پر عمائدین سے طے شدہ معاملات کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ ۔قائدین انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین دربار عالیہ امبور سید رضا علی بخاری ،سید چن پیر نقوی ،سید عجب نقوی ،سید علی احمد شاہ ،راجہ نصیر خان ،سید خاقان شاہ ،سید رخیم شاہ ،ماسٹر جمیل ،فیاض شاہ ،جہانگیر اعوان ،مشتاق احمد اوردیگر نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں بالخصوص محکمہ اوقاف ضلعی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ دریا کا چھ حصہ دریا برد ہو گیا ۔

سید جمعہ شاہ باجی کا جسد خالی دوسری جگہ دربار کے احاطہ مین شفٹ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جسد خاکی کو دوبارہ اسی جگہ شفٹ ہونا تھا مگر انتظامیہ نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے دربار اور مسجد کا کچھ حصہ دریا برد ہو گیا ۔عمائدین علاقہ اور انتظامیہ غفلت میں برابر کے شریک ہیں ۔اب پوری ملت کے سامنے عمائدین جواب دیں ۔

انہوں نے کہا کیا معاملات طے کیے تھے ان پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا ہمیں ان کے اس عمل پر شدید تشویش ہے ۔قائدین نے جو معاہدہ کیا تھا اسے زائرین اور عوام کے سامنے لایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ عید کے فوراً بعد زائرین اہم اجلاس طلب کرینگے جس میں مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب آفیسران کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئیے جن کی وجہ سے اتنا بڑا نقصان ہوا۔