ہٹیاں بالا گرڈ سے گڑھی دوپٹہ تک بجلی کی لائنوں کی تنصیب میں ناقص میٹریل کا استعمال ‘چار کروڑ کا پراجیکٹ کرپشن کی نظر

پیر 11 جون 2018 16:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) ہٹیاں بالا گرڈ سے گڑھی دوپٹہ تک بجلی کی لائنوں کی تنصیب میں ناقص میٹریل کا استعمال ۔چار کروڑ کا پراجیکٹ کرپشن کی نظر ۔پراجیکٹ لیڈر اور محکمہ برقیات کی ملی بھگت سے کرپشن کا بازار گرم ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق ایڈمنسٹریٹر ٹائون کمیٹی گڑھی دوپٹہ سید راشد نقوی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک طرف میرٹ اور گڈ گورننس کے دعوے کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف ریاست کرپشن کا گڑھ بنی ہوئی ہے ۔

وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے حلقہ میں ان کی ناک کے نیچے کروروں کی کرپشن کا بازار گرم ہے ۔گرڈ اسٹیشن ہٹیاں بالا سے گڑھی دوپٹہ تک بجلی کی نئی لائنوں کی کھمبوں کی تنصیب کا ٹھیکہ ذاتی پسند و ناپسند پر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق ہر کھمبے میں تقریباً پانچ بیگ سیمنٹ لارنس پور کی ریت اور مارگلے کی کرش ڈالی جانی تھی مگر محکمہ برقیات کی ملی بھگت سے پتھروں کی بھرائی کر کے معمولی سیمنٹ اور لوکل ریت بجری استعمال کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کرپشن میں پورا محکمہ برقیات ملوث ہے ۔محکمہ کے لوگ ٹھیکیدار سے مل کر خود کام کرواتے ہیں اور خود ہی چیکنگ کر کے پاس کرتے ہیں ۔بہترین گڈ گورننس اور میرٹ کی اس سے بڑی کیا مثال ہے کے بغیر کام کے ٹھیکیدار کو نوازنے کیلئے 75لاکھ کا بل پاس کر کے ادائیگی کر دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دعوے کرتے ہیں کہ ہمارے بل چیف انجینئر یا دیگر کوئی نہیں روک سکتا۔کیونکہ ہمارے معاملات وزیر اعظم ہائوس تک ہیں انہوں نے کہا کہ پرانے میٹریل کو بھی سکریپ ظاہر کر کے فروخت کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں ۔ہم اس کرپشن کے خلاف بھرپور احتجاج بھی کرینگے اور احتساب بیورو کا دروازہ بھی کھٹکٹھائیں گے ۔ذمہ داران سرعام ہونے والی بھاری کرپشن کا نوٹس لیں ۔