ٹیکس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ،

ایف بی آر کو نادرا کے ڈیٹا تک رسائی دے دی گئی سی این آئی سی سے ٹرانزیکشنز کا سراغ لگایاجائیگا،براڈننگ آف ٹیکس بیس ڈپارٹمنٹ آن لائن ڈیٹا مانیٹرنگ کر سکے گا،ایف بی آرذرائع

پیر 11 جون 2018 16:36

ٹیکس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) وفاقی حکومت نے بلیک اکانومی کا حجم کم کرنے، آمدنی چھپانے والوں اورٹیکس چوروں کا سراغ لگانے کے لیے یکم جولائی سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈیٹا تک رسائی دے دی ہے۔اس ضمن میںفیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)ذرائع نے بتایاکہ فنانس ایکٹ 2018 کے تحت ایف بی آر کو قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والے امیر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے ڈیٹا تک رسائی دی گئی ہے جس کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 216 میں نئی ذیلی شق شامل کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اور براڈننگ آف ٹیکس بیس کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کے ڈیٹا تک ایف بی آر کو رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز کو نیشنل ٹیکس نمبر قرار دے دیا ہے اور ایف بی آر کو نادرا کے ڈیٹا تک رسائی دینے کا مقصد لوگوں کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ان کی ٹرانزیکشنز کا سراغ لگاکر انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ذرائع نے کہاکہ مذکورہ اختیارات کے تحت ایف بی آر کا براڈننگ آف ٹیکس بیس ڈپارٹمنٹ نادرا کے ڈیٹا کی آن لائن مانیٹرنگ کر سکے گا اور اس چیکنگ کے دوران جو لوگ بھاری ٹرانزیکشن کے حامل پائے جائیں گے تو انہیں انکم ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن کے قانون کے تحت رجسٹرڈ کرلیا جائے گا اور انکم ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن کے بعد انہیں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے آن لائن نوٹسز جاری ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس میں لازمی رجسٹریشن کے باوجود جو لوگ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے ان کے ذمے ٹیکس واجبات کا تعین کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ٹیکس واجبات کے اسیسمنٹ آرڈر جاری کیے جائیں گے اور ریکوری کی جائے گی۔وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ چندسال سے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں آٹومیشن کو فروغ حاصل ہوا ہے اور بینک ٹرانزیکشن کے ساتھ منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی لین دین، گاڑیوں کی بکنگ وخریداری ،بیرون ملک سفرسمیت دیگر اقسام کے لین دین میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبرز استعمال ہوتے ہیں اس لیے نادرا کے ڈیٹا بینک سے یہ تمام ریکارڈ چیک ہوسکے گا اور نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس بچانے کے لیے آمدنی چھپانے والوں کا بھی سراغ لگانے میں میں مدد ملے گی اور بلیک اکانومی کے حجم میں بھی کمی واقع ہوگی۔

متعلقہ عنوان :