کچرا کنڈی کی زمین پر دکانیں تعمیر کرکے فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواست پر مئیر کراچی سمیت فریقین کو نوٹس جاری

پیر 11 جون 2018 16:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے کچرا کنڈی کی زمین پر دکانیں تعمیر کرکے فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواست پر مئیر کراچی وسیم اختر، ڈی جی لائنز ایریااور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عید کے بعد فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔پیر کو لائنز ایریا کے رہائشی نصیرالدین ایڈووکیٹ نے کچرا کنڈی کی زمین پر دکانیں تعمیر کرکے انہیں فروخت کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہر میں گندگی کی بھر مار ہے اور چیئرمین کچراکنڈی کی زمین ہی فروخت کررہے ہیں درخواست گزار کا موقف ہے کہ لائنز ایریا میں گزشتہ سات سال سے کچرا کنڈی قائم تھی، ایم کیوایم چئیرمین یوسی 11 نے کچرا کنڈی ختم کرکے دو دوکانیں تعمیر کرکے 30،30 لاکھ روپے میں فروخت کردیں، علاقے میں کچرا کنڈی ختم ہونے سے کچرا اور گندگی مرکزی سڑک تک پھیل چکی ہے، درخواست دینے کے باجود مئیر کراچی اور علاقے پولیس بھی یوسی چیئرمین آصف کے خلاف کارروائی نہیں کررہے، کچراکنڈی کی زمین سے دکانیں مسمار کرکے کچراکنڈی بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔