کریم بخش قمبرانی فٹبال ٹورنامنٹ:ینگ گرین نے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا

پیر جون 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2018ء) ملیر ینگ بوائز فٹبال کلب کے زیر اہتمام سراقبال فائونڈیشن کے تعاون سے جاری پہلے آل کراچی ماما کریم بخش قمبرانی یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے کاشاندار تیسرا کوارٹر فائنل میچ ینگ گرین اور جے جے میموریل کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا اور دونوں مشہور و معروف ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین فٹبال سے خوب داد سمیٹی۔

میچ کا آغاز ہوا تو دونوں ٹیموں نے دفاعی حکمت عملی اختیار کی اوروقفہ وقفہ سے مخالف گول پر حملے کیئے لیکن دونوں جانب سے گول کیپرز اور دفاعی کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کی بدولت کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابررہنے کے بعد دوسرے ہاف کا کھیل شروع ہوا تو دونوں ٹیموں نے قدرے جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن اک بار پھر دفاعی کھلاڑی مضبوط چٹان کی طرح ہر حملے کو ناکام بناتے رہے جبکہ فارورڈز کی کوشش رہی کہ کسی طرح ایک گول اسکور کرکے میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کرلیںلیکن دونوں ٹیموں کے فاورڈ گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے جس کے باعث میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس کی بنیاد پر کیا گیا جس میںینگ گرین نے جے جے میموریل کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

شائقین فٹبال کو اس میچ میں بہترین کھیل دیکھنے کو ملا اور انھوں نے دونوں ٹیموں کے شاندار کھیل کی خوب تعریف کی جبکہ یہ میچ بھی ٹورنامنٹ کا سنسنی خیز میچ ثابت ہوا۔میچ میں ریفری کے فرائض نصیر عمر، عطاء اللہ، داد محمد نے انجام دیئے، میچ کمشنر جہانزیب اور میڈیا کوآرڈینیٹر اسلم کامریڈ تھے۔ٹورنامنٹ کے سلسلے کا چوتھا کوارٹر فائنل میچ موسیٰ الیون اور شفیع الیون کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :