Live Updates

زلفی بخاری کاای سی ایل میں نام پاناما کے باعث ڈالا گیا،فواد چوہدری

پاناما پیپرزمیں زلفی بخاری کی فیملی کا نام آیا ہے،زلفی برٹش نیشنل ہیں ،ان کا پاکستان میں پاناما مقدمے سے کوئی تعلق نہیں،زلفی بخاری کوکلیئرکردیا گیا ہے،وہ عمرےکیلئےچلےگئے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 جون 2018 16:53

زلفی بخاری کاای سی ایل میں نام پاناما کے باعث ڈالا گیا،فواد چوہدری
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جون 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ زلفی بخاری کاای سی ایل میں نام پاناما کے باعث ڈالا گیا تھا، پاناما پیپرز میں زلفی بخاری کی فیملی کا نام آیا ہے،وہ برٹش ہیں ،ان کا پاکستان میں پاناما مقدمے سے کوئی تعلق نہیں، زلفی بخاری کوکلیئرکردیا گیا ہے، وہ عمرے کیلئے چلے گئے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے۔ مسلم لیگ ن توابھی اپنے امیدواروں کے نام بھی جاری نہ کرسکی۔ مسلم لیگ ن دلدل سے نکلنے کیلئے جتنا ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں اتنا ہی اس دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔ان کے ساتھ نہ ڈھیل ہونی چاہیے اور نہ ہی ڈیل ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

مریم نوازنے کہا تھا کہ ہماری لندن میں کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔

آج خواجہ حارث کہتے ہیں کہ وہ دباؤ میں کام نہیں کرسکتے۔خواجہ حارث کی جانب سے یہ صرف مقدمہ لٹکانے کے بہانے ہیں۔خواجہ حارث کی دستبرداری مقدمہ لٹکانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن سندھ ، خیبرپختونخواہ ، اور بلوچستان میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی بنائی ہے توبجلی آنی بھی چاہیے۔شہبازشریف نے کہا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی ذمہ داری اب ہماری نہیں ہے۔

آج پھر بجلی کی شدیدلوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔بجلی تھی یا بریانی جوجاتے جاتے ساتھ لے گئے۔تحریک انصاف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف کل 3بجے تمام پریس کلبوں کے سامنے ملک گیراحتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ 90فیصد ٹکٹس کی تقسیم پر کوئی تنازع نہیں ہے۔ہم نے تمام امیدواروں سے آن لائن درخواستیں وصول کی ہیں۔عمران خان اور پارلیمانی بورڈزسے ٹکٹوں کے معاملے میں غلطی بھی ہوسکتی ہے ۔

جن لوگوں کوٹکٹ نہیں ملے وہ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پرنظرثانی اپیل دائرکرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ علی محمد خان کوحلقے میں سروے کے بعد انتخابی ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاناما پیپرز میں زلفی بخاری کی فیملی کا نام آیا ہے۔زلفی بخاری برٹش نیشنل ہیں۔ان کا پاکستان سے تعلق ان کے والدین کے باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کا نام پاناما میں بھی آیا ہے۔

ان کامقدمہ پاکستان سے اس لیے مختلف ہے کہ ان کی پاکستان میں ایک روپے کی رقم نہیں ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ لہذا زلفی بخاری کا نام بھی اسی ضمن میں ای سی ایل میں آیا ہے۔تاہم ابھی ان کا نام کلیئر کردیاگیاہے وہ عمرے پرچلے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریحام خان سے متعلق کہاکہ ریحام رضیہ سلطانہ بن کرآئی تھیں اور سنی لیون بن کرواپس گئی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ عقل کریں گے۔یہ کھیل پرانا ہے۔ واضح رہے زلفی بخاری چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دوست ہیں اور انہیں ایئرپورٹ پرای سی ایل میں نام ڈالے جانے پرروک لیا گیا تھا۔ تاہم بعدازاں انہیں عمران خان کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کیلئے جانے کی اجازت دے دی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات