حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے سے معیشت کو روزانہ ایک ارب 90 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے، میڈیا رپورٹ

پیر 11 جون 2018 17:25

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے وزارت خزانہ کی طرف سے بجھوائی گئی سمری وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے سے معیشت کو روزانہ ایک ارب 90 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی وجہ سے ہونے والے نقصان کو نہ روکا تو معیشت پرمنفی اثرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ اوگرا نے یکم جون سے پیٹرول کی قیمت 8 روپے 37 پیسے، ڈیزل ساڑھے 12 روپے اور مٹی کا تیل 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی۔گزشتہ دور حکومت میں اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کی تھی تاہم حکومت نے اس کا فیصلہ آنیوالی نگران حکومت پر چھوڑدیا تھا۔