مالی سال کی پہلی سہ ماہی ، پی آئی اے کے ریونیو میں 7فیصد اضافہ

پیر 11 جون 2018 17:28

مالی سال کی پہلی سہ ماہی ، پی آئی اے کے ریونیو میں 7فیصد اضافہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) پی آئی اے کی کارکردگی میں موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گذشتہ سال کی نسبت 7فیصد اضافہ ہوا ہے۔پہلی سہ ماہی میں پی آئی اے کو ریونیو کی مد میں23.5ارب حاصل ہوئے جو گذشتہ برس کے اس عرصے سے 1.6ارب روپے سے زائد جبکہ آپریشنل اخراجات میں1.3ارب روپے اضافہ دیکھنے میں آیا۔پی آئی اے کے پیسنجر ہینڈلنگ سروسز کی کارکردگی میں بھی بہتر ی آئی ہے،2016اکتوبر سے مئی 2017میں پی آئی اے کا روینیو48کروڑ روپے تھا، گذشتہ 8ماہ کے دوران پی آئی اے کو52کروڑ روپے سے زائد کا روینیو حاصل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے ایک سال کے دوران پیسنجر ہینڈلنگ سروسز میں4کروڑ روپے کا اضافی روینیو حاصل کیا ہے، ذرائع کے مطابق سعودی عرب، لندن، مانچسٹر، اسلام آباد، کراچی اور لاہور اسٹیشنوں پر اضافی سامان کی مد میں روینیو کی مد میں کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے کہاہے کہ پی آئی اے کے روینیو میں اضافے کی بنیادی وجہ مارکیٹنگ کے شعبے کی بہتر حکمت عملی ہے۔پی آئی اے کی پروازوں کی آمد ورفت میں91فیصد وقت پر روانگی ہے، اخراجات میں اضافے کی بنیادی وجہ ایندھن کے اخراجات میں اکتیس فیصد اضافہ ہے۔