فجیرہ: شادی کی تقریب کے دوران نوبیاہتا جوڑے کا ہیجان خیز ناچ

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اداکار خاوند اور بیوی کو طلب کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 جون 2018 17:31

فجیرہ: شادی کی تقریب کے دوران نوبیاہتا جوڑے کا ہیجان خیز ناچ
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جُون 2018ء) نوبیاہتا جوڑے کی جانب سے اُن کی شادی کی تقریب کے دوران کیے گئے ڈانس کو پولیس نے ہیجان خیز اور اخلاق باختہ قرار دے کر انہیں پولیس اسٹیشن طلب کر لیا۔ اس طلبی کی بُنیاد انسٹا گرام پر وائرل ہونے والی وہ ویڈیو ہے جس میں اماراتی جوڑا اپنی شادی کی تقریب میں رومانوی ماحول کی مستی میں سرشار ہو کر ناچتا ہے مگر اس ناچ کے دوران جذبات میں بہہ کر رومانوی جذبات کا کچھ زیادہ ہی مظاہرہ کر بیٹھتا ہے۔

مذکورہ جوڑے کی جانب سے انسٹاگرام پر یہ ویڈیو شیئر کرنے کے بعد اس پر اماراتی باشندوں نے بہت ناک بھوں چڑھائی ہے اور اسے اماراتی سماج کی اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیاہ کے بندھن میں تازہ تازہ بندھے میاں بیوی ایک دوسرے کی باہوں میں باہیں ڈال کر ناچ رہے ہیں اور اس دوران ایک دوسرے کو گلے بھی لگاتے ہیں۔

(جاری ہے)

امارتی شہریوں کی جانب سے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس نوبیاہتا جوڑے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق اداکار احمد خمیس اور اُس کی اداکارہ و ٹی وی اینکر بیوی مشعیل الشیعی چند روز قبل رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔ اس موقع پر اُنہوں نے ایک ویڈیو بھی بنائی جس میں نوبیاہتا جوڑا از حد رومانی انداز میں ایک دوسرے کے لیے اپنے عشقیہ جذبات کا اظہار کر رہا ہے۔ اس ویڈیوکو دیکھنے والوں نے متحدہ عرب امارات کی روایت اورمذہبی اقدار سے رُوگردانی قرار دیا ہے۔

اطلاع کے مطابق حکومت کے ایک اعلیٰ عہدے دار کی جانب سے پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوبیاہتا جوڑے کو اس حوالے سے سرزنش کی جائے اور آئندہ کے لیے اس حرکت سے باز رہنے کی تلقین کی جائے۔ جبکہ سوشل میڈیا پر ایک طبقہ ایسا بھی ہے جس کے نزدیک نوبیاہتا جوڑے کا ناچ خوشی اور محبت کا بے ساختہ اظہار ہے ۔ ان کے مطابق میاں بیوی کا رشتہ جائز ہونے کی صورت میں ان کا آپس میں ناچنا گانا کوئی معیوب بات نہیں ہے۔