الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کیلئے غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کے عمل کو جلد ازجلد نمٹانے کیلئے تمام اداروں کو ہدایات

غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کا دورانیہ 4 سے 6 ہفتوں پر محیط ہوگا ، مبصرین پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عمل ، پولنگ سٹیشنز پر بیلٹ پیپرز کی گنتی کے عمل کا مشاہدہ کر سکیں گے

پیر 11 جون 2018 18:02

الیکشن کمیشن کی  عام انتخابات کیلئے غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کے عمل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کے عمل کو جلد ازجلد نمٹانے کے لئے تمام اداروں کو ہدایات جاری کر دیں ، غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کا دورانیہ 4 سے 6 ہفتوں پر محیط ہوگا اور اس دوران مبصرین پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عمل ، پولنگ سٹیشنز پر بیلٹ پیپرز کی گنتی کے عمل کا مشاہدہ کر سکیں گے۔

پیر کو الیکشن کمیشن میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد کی زیر صدارت الیکشن 2018ء کے لئے غیر ملکی مبصرین کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزرات خارجہ ، وزرات داخلہ، ایف بی آر اور سیکورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن غیر ملکی مبصرین کو آئندہ عام انتخابات 2018ء کے لئے ویلکم کرتا ہے اور اس حوالے سے تمام اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی کہ ملکی قوانین کے مطابق تمام غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کے عمل کو وقت ضائع کئے بغیر جلد ازجلد نمٹایا جائے تاکہ غیر ملکی مبصرین بروقت پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

تمام اداروں کے مشاورت سے غیر ملکی مبصرین کے ویزوں کا دورانیہ 4 سے 6 ہفتوں پر محیط ہوگا اور اس دوران مبصرین پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عمل ، پولنگ سٹیشنز پر بیلٹ پیپرز کی گنتی کے عمل کا مشاہدہ کر سکیں گے ۔غیر ملکی مبصرین کیلئے کوڈ آف کنڈیکٹ کی تیاری آخری مراحل میں ہے جو چند دنوں تک مکمل ہوجائیگی۔