دینی جماعتوں کاایک پلیٹ فارم سے انتخابات لڑنابڑی تبدیلی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا‘لیاقت بلوچ

سیکولر اورلبرلزقوتیں ایم ایم اے کی بحالی سے خوفزدہ ہوچکی ہیں،قرآن مجید کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرکے ہی ہم دنیا وآخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں‘میاں مقصود احمد،امیر العظیم ودیگرکامنصورہ میںختم قرآن کی تقریب سے خطاب

پیر 11 جون 2018 18:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) موجودہ حالات میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے ،متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے سیکولر قوتیں خوفزدہ ہوچکی ہیں ،دینی جماعتوں کا اتحاد ملکی سلامتی کا ضامن ہے ،غریب عوام کو درپیش مسائل کاحل صرف اور صرف ایم ایم اے کے پاس ہے ،ہم ملک وقوم کو امریکی غلامی نجات دلائیں گے،عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل پورے ملک میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہارمتحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں حافظ یاسر معراج کی نمازتراویح میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ سیکولراور لبرلزطبقے کاراستہ نہ روکاگیاتوملک کے اسلامی تشخص کوشدیدخطرات لاحق ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

لادینی قوتوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے قوم کو اسلام پسند اور محب وطن لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اسلام امن وآشتی کادین ہے جو ہمیں پیار،محبت اور اخوت کادرس دیتاہے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں آج انگریزوں کابنایاہوا نظام لاگو ہے۔جب تک حقیقی معنوں میں ملک میں اسلامی شرعی نظام کے لیے عملی جدوجہد نہیں کی جائے گی اس وقت تک ہم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتے۔متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی جماعتوں کاایک پلیٹ فارم سے انتخابات لڑنابڑی تبدیلی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا۔

قوم ان سیکولراورلادین افراد کومستردکردے جنہوں نے 70برسوں سے ملک وقوم کو لوٹا اور ایسے اقدامات کیے جو اللہ اور اس کے رسولؐ کی ناراضگی کاباعث بنے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک کی بنیادوں کوکھوکھلاکیاجارہاہے۔فحاشی وعریانی کوفروغ دے کر ہماری نوجوان نسل کو بے راہ روی کی دلدل میں دھکیلاجارہا ہے اوراسے دین سے دورکیاجارہاہے۔

اگر ہم نے اسلام اور ملک دشمن قوتوں کاراستہ نہ روکا توہمارامعاشرہ اخلاقی دیوالیہ پن کاشکار ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملکی سلامتی کویقینی بنانے کے لیے نظام مصطفیؐ کانفاذ کیاجائے۔2018کے عام انتخابات میں عوام دیانتدار قیادت کو موقع فراہم کریں۔ملک کو چوروں،لٹیروں ،ڈاکو ئوں،ٹیکس چوروں،ظالم جاگیرداروں،سرمایہ داروں اوروڈیروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑاجاسکتا۔

پاکستان کی85فیصد نوجوان ملک میں شریعت کانفاذ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ساری دنیا کی طاغوتی قوتیں مسلمانوں کی وحدت اور قوت سے نالاں ہیں اور وہ مسلمانوں کیخلاف سازشیں کررہی ہیں۔انشاء اللہ وہ کبھی اپنے مذموم عزائم اور مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم ضرور کامیاب ہوں گے اور ملک وقوم کوکھویاہوامقام ومرتبہ اور وقار دلائیں گے۔اس موقع پر ذکراللہ مجاہد،انور گوندل اور دیگر رہنمابھی موجود تھے۔