ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا جنرل ہسپتال میں افطار ڈنر، ڈاکٹروں اور صحافیوں کی شرکت

رمضان المبارک اور عید الفطر ایثار کے جذبے کے فروغ کا درس دیتا ہے ‘پرنسپل پی جی ایم آئی عید کی تعطیلات میں مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں‘ پروفیسر آغا شبیر علی مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے، ملازمین کی حاضری و کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لیی24 گھنٹے انتظامی ڈاکٹرز بھی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے عید اور ٹرو پر مریضوں اور ان کے لواحقین کو سپیشل کھانا دیا جائے گا تا کہ انہیں گھر سے دوری کا احساس نہ ہو‘ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین

پیر جون 18:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2018ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال کے عہدے داروں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے آڈیٹوریم میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آغا شبیر علی ، ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین، مختلف شعبوں کے پروفیسرز سمیت نوجوان ڈاکٹروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وائی ڈی اے ایل جی ایچ کے صدر ڈاکٹر سلیم شہزاد ملک ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹررانا آصف صغیر، سینئر نائب صدر ڈاکٹر عمار، ڈاکٹر نبیل اشرف ، ڈاکٹر عثمان اشرف گہلن، ڈاکٹر عمار یوسف ، ڈاکٹر مدثر رانجھا ، ڈاکٹر واجد،،ڈاکٹر توقیر اسلم اور ڈاکٹر عمران کے علاوہ دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر سلیم شہزاد ملک نے اس موقع پر ڈاکٹروں سمیت دیگر عملے کو ڈیوٹی پر تحفظ،ایک مریض ایک تیماردار کی پالیسی پر عمل درآمد اور ہوسٹل میں بنیادی سہولیات کی فراہمی و اپ گریڈیشن جیسے دیگر مطالبات پیش کیے ۔

(جاری ہے)

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر آغا شبیر علی نے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی ہمہ وقت دیکھ بھال ونگہداشت کرنے والے سٹاف کو صاف ستھرا و خوشگوار ماحول ، سیکورٹی اور پارکنگ جیسے مسائل حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے جسے ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے مواقع ایثار اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں اور طب کا مقدس پیشہ اور بھی اہمیت کا حامل ہو جاتا ہے۔

پروفیسر آغا شبیر علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کی تعطیلات میں مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ڈاکٹرز ، نرسسز و پیرا میڈیکل سٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو تینوں شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے، ملازمین کی حاضری و کارکردگی کو مانیٹر کرنے کے لیی24 گھنٹے انتظامی ڈاکٹرز بھی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے ۔

ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھا کہ عید اور ٹرو پر مریضوں اور ان کے لواحقین کو سپیشل کھانا دیا جائے گا تا کہ انہیں گھر سے دوری کا احساس نہ ہو۔ ہسپتال انتظامیہ عید کے دوران مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ڈاکٹرز اور طبی عملے کو اس سلسلے میں خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔