عید الفطر کے موقع پر بین الصوبائی آمدورفت کے لیے مختص کرایوں پر عملدرآمد اور مسافروں کی سہولت کیلئے دیگر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 11 جون 2018 18:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ خیبر پختو نخواکامران رحمن نے عید الفطر کے موقع پر بین الصوبائی آمدورفت کے لیے مختص کرایوں پر عملدرآمد اور مسافروں کی سہولت کے لئے دیگر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی ہدایات پر سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد خان نے تمام متعلقہ اداروں کو خصوصی مہم شروع کرنے کے لیے مراسلہ ارسال کیا ہے۔

دوران مہم متعلق ذمہ داران ٹرانسپورٹ اڈوں کے دورے کرینگے اور اڈہ مینجروں، ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران اور ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کرکے انھیں مختص کرایہ ناموں پر عملدرآمد کرنے، زائد کرایوں کی وصولی سے اجتناب کرنے،گاڑیوں کی اوور لوڈنگ سے گر یز کر نے کے حوالے سے خبردار کرینگے جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافر گاڑیوں کی مصنوعی قلت کو روکنے اور گاڑیوں کی کمی کی صورت میں اڈہ مینیجران کو ایکدوسرے سے تعاون کے بارے میں بھی آمادہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جنرل بس سٹینڈ پر کمپلینٹ سیل کا اہتمام بھی کیا جائے گا جہاں مسافر اپنی شکایات کا اندراج کرسکیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے کہ وہ عوام کی سفری مشکلات کو کم کرنے اور بروقت سفری سہولت کی فراہمی کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق عید الفطر کے مقدس مو قع پر مسافروں کو سفر کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :