سی ٹی ڈی کی کارروائی ،نیٹو فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گردی سمیت 3گرفتار

ملزمان رمضان المبارک اپنی اپنی تنظیموں کے لیے چندہ جمع کرنے کی نیت سے مختلف علاقوں میں گھوم رہے تھے،ایس ایس پی جنید شیخ

پیر 11 جون 2018 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) سی ٹی ڈی پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران نیٹو فورسز پر حملوں میں ملوث کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 3ملزمان کو گرفتار کرکے چندے کی رسید بکیں برآمد کرلی ہیں ۔یہ بات ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید احمد شیخ نے پیر کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔

انہوںنے بتایا کہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ثاقب اسماعیل میمن کی خصوصی ہدایت پر سی ٹی ڈی انچارج چوہدری غلام صفدر نے پولیس پارٹی کے ہمراہ جوبلی اور سلطان آباد کے عاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان شاہسوار محسود ،مجیب الرحمن اور خالد پرویز کو گرفتار کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ملزمان رمضان المبارک اپنی اپنی تنظیموں کے لیے چندہ جمع کرنے کی نیت سے مختلف علاقوں میں گھوم رہے تھے ۔

ملزم مجیب الرحمن اس سے قبل بھی سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے اس وقت ملزم کے قبضے سے تنظیمی اسلحہ برآمد ہوا تھا ۔ملزم نے رہائی کے بعد دوبارہ کالعدم تنظیم کے لیے کام شروع کردیا تھااور چندہ جمع کرنے کے ساتھ محلے کے دیگر لوگوں کی ذہن سازی کرکے انہیں کالعدم لشکر جھنگوی میں شامل ہونے کے لیے راغب کرتا تھا تاکہ کالعدم تنظیم کی افرادی قوت میں اضافہ ہوسکے ۔

ایس ایس پی جنید احمد شیخ نے بتایا کہ ملزم شاہسوار کالعدم تحریک طالبان کا اہم رکن ہے ۔ملزم تحریک میں شامل ہونے سے قبل گورنمنٹ ہائی اسکول میں ٹیچر تھا اور بچوں کو پڑھا تا تھا تاہم بیت اللہ محسود کے امیر بننے کے بعد اس کی دعوت پر تنظیم میں شمولیت اختیار کرلی ۔انہوںنے بتایا کہ ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نیٹو فورسز پر بھی حملے کیے جس سے نیٹو فورسز کو کافی نقصان پہنچا ۔ملزم کے متعدد ساتھی مارے گئے تاہم ملز بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ۔ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی میں مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔مزید گرفتار یاں متوقع ہیں ۔