کراچی:صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہنگامہ آرائی

لیڈی پولیس نے پی ٹی آئی کی کارکن کو حراست میں لے لیا،صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے آئی جی سندھ کو نفری بڑھانے کی ہدایت کردی

پیر 11 جون 2018 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں ہنگامہ آرائی ، دھکم پیل سے شیشہ ٹوٹ گیا ،لیڈی پولیس نے پی ٹی آئی کی کارکن کو حراست میں لے لیا۔دفتر میں ہنگامہ آرائی کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے آئی جی سندھ کو نفری بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے گیٹ پر پی ٹی آئی کارکنوں نے سیکورٹی گارڈ سے جھگڑا کیا اور الیکشن کمشنر کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔

اس ہنگامی آرائی میں الیکشن کمشنر کے دفتر کا شیشہ ٹوٹ گیا ،جس کے بعد پولیس کے افسران صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ گئے ۔ایس پی توقیر نعیم نے کہا کہ ہنگامے میں جو بھی ملوث ہوا قانون کے مطابق کاروائی کریں گے،مجھے قانون کی پاسداری کرنی ہے۔ذرائع کے مطابق لیڈی پولیس اہلکار نے پی ٹی آئی کارکن کو صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک کے حکم پر حراست میں لیا ہے ۔