عید گاہوں ‘ علاقہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف مثالی صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں،میونسپل کمشنر سکھر

پیر 11 جون 2018 18:19

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) میونسپل کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن پیر واحد بخش نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر خصوصی طور پر عید گاہوں ‘ علاقہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف مثالی صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران بلدیاتی عملے کو الرٹ رکھا جائے۔ انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں صفائی ستھرائی اور عید الفطر کے موقع پر شہر میں بلدیاتی انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر آصف علی خان ، چیف سینیٹری انسپکٹر و سینیٹری انسپکٹرز شریک تھے۔

اس موقع پر چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر کی جانب سے میونسپل کمشنر کو عید الفطر کے موقع پر شہر میں کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

میونسپل کمشنر پیر واحد بخش نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطرکے موقع پر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ‘ شہر کی تمام مساجد ‘ عیدگاہوں اور ان دیگر مقامات جہاں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہوں صفائی ستھرائی اور کچرے و ملبے کی منتقلی کا کام تسلسل سے جاری رکھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کوبرق رفتاری سے مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ چونے و جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا عمل بھی تسلسل سے جاری رکھا جائے۔ درین اثناء میونسپل کمشنر پیر واحد بخش نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کے سلسلے میں کچرا ٹھکانے لگانے کے لئے منگوائے گئے لوڈرز کو چلا کر ان کا معائنہ بھی کیا ۔