تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ نے بجلی کی پیداوار شروع کردی

منصوبے کا پہلا یونٹ نیشنل گرڈ کو اوسطاً 335میگاواٹ بجلی مہیا کر رہا ہے، یونٹ کو بتدریج اِس کی پوری پیداواری صلاحیت 470میگاواٹ تک لے جایا جائے گا۔پہلا یونٹ اپریل میں مکمل ہوا تھا ، پانی کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار شروع نہیں کر سکاتھا تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دوسرے یونٹ کی بھی ویٹ کمیشننگ شروع کی جاچکی ہے‘ واپڈا

پیر 11 جون 2018 18:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) دریائے سندھ میں پانی کی آمد میں بہتری اورپانی کی دستیابی کے بعد تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ کے پہلے یونٹ نے 8جون سے بجلی کی پیداوارشروع کر دی ،یہ یونٹ اپنے ریلائی ایبلٹی پیریڈ سے گذر رہا ہے اور نیشنل گرڈ کو اوسطاً 335 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔ مذکورہ یونٹ کو بتدریج اِس کی پوری پیداواری صلاحیت یعنی 470میگاواٹ پر لے جایا جائے گا۔

منصوبے کا پہلا یونٹ اپریل میں مکمل ہوا تھا، تاہم رواں سال دریائے سندھ میں پانی کا بہائو کافی کم رہا اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث اِس یونٹ سے بجلی کی پیداوار شروع نہیں ہوسکی تھی ۔تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دوسرے یونٹ کی بھی تین روز قبل ویٹ کمیشننگ شروع کی جاچکی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ یونٹ جولائی کے پہلے ہفتہ میں ریلائی ایبلٹی پیریڈ کے مرحلہ میں داخل ہو جائے گا ۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر4پر بجلی پیدا کرنے کے لئے 3 یونٹ نصب کئے گئے ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت470میگاواٹ ہے ۔تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ واپڈا کے کم لاگت بجلی پیدا کرنے کی حکمت ِ عملی کا حصہ ہے ، جس سے ملک میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے اور قومی نظام میں پن بجلی کا تناسب بہتر بنانے میں مدد ملے گی تاکہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام لاکر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔

تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت میں ایک ہزار 410 میگاواٹ اضافہ ہوگا اور یہ 3 ہزار 478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 888 میگاواٹ ہو جائے گی ۔منصوبے سے ہر سال 3 ارب 84 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی ۔ منصوبے سے سالانہ تقریباً 30 ارب روپے کی آمدنی ہوگی اور یہ صرف 3 سال کی قلیل مدت میں اپنی تعمیر پر آنے والی لاگت پوری کردے گا ۔

متعلقہ عنوان :